انڈونیشیا: فیکٹری میں خوفناک آتشزدگی سے 24 افراد ہلاک، درجنوں لاپتہ
انڈونیشیا میں کینڈی بنانے والی فیکٹری میں لگنے والی آگ نے بڑے سانحے کی شکل اختیار کرلی، حادثے میں ہلاکتوں کی تعداد 24 ہوگئی ہے جبکہ تقریباً 50 افراد تاحال لاپتہ ہیں۔ امدادی ٹیموں کی جانب سے آگ بجھانے کی کوششیں کئی گھنٹوں سے جاری ہیں، تاہم تاحال شعلوں پر مکمل قابو نہیں پایا جا سکا۔
خبر ایجنسی کے مطابق آتشزدگی ہفتے کی شام سیرانگ ریجنسی کے علاقے سیکانڈے میں واقع ایک کینڈی فیکٹری میں پیش آئی۔ آگ بجھانے کے لیے امدادی کارروائیاں 10 گھنٹے سے جاری ہیں، لیکن آگ پر مکمل قابو نہ پائے جانے کے باعث مزید ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
حکام نے لاپتہ کارکنوں کی شناخت کے عمل میں مدد کے لیے ان کے اہل خانہ سے ڈی این اے کے نمونے حاصل کرنا شروع کردیے ہیں۔ اس کے علاوہ متاثرین کی شناخت یقینی بنانے کے لیے ان کے گھروں اور رہائش گاہوں سے ذاتی اشیا بھی جمع کی جا رہی ہیں۔
فیکٹری کے مالک نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ حادثے کے وقت دن کی شفٹ میں تقریباً 300 افراد موجود تھے۔ ان کے مطابق لگ بھگ 50 کارکن ایسے ہیں جن کے بارے میں تاحال کوئی معلومات حاصل نہیں ہوسکیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ فیکٹری میں آگ لگنے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں، جبکہ امدادی ٹیمیں آگ بجھانے اور لاپتہ افراد کی تلاش میں مصروف ہیں۔