وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے تھرپارکر اور عمرکوٹ کے 25 دیہات میں خشک سالی سے متاثرہ خاندانوں کے لیے 5 ارب 30 کروڑ روپے کے امدادی پیکیج کا اعلان کرتے ہوئے گندم کے کاشتکاروں کو بھی براہ راست مالی معاونت اور کھاد پر سبسڈی فراہم کرنے کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے یہ اعلان سندھ ویٹ گروورز سپورٹ پروگرام 2026-27 (ڈی اے پی سبسڈی) کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، جس کا افتتاح پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کیا۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ حکومت کاشتکاری اور گندم کی خریداری کے اہم مراحل میں کسانوں کو معاونت فراہم کر رہی ہے تاکہ زرعی پیداوار میں اضافہ، کاشتکاروں کی آمدنی کا تحفظ اور صوبائی معیشت کو مضبوط بنایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت زرعی اخراجات میں اضافے سے کسانوں کو تحفظ دینے، غذائی تحفظ بہتر بنانے اور دیہی علاقوں کے عوام کو مشکل حالات میں بروقت امداد فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ کے کسان نہ صرف صوبے بلکہ پورے ملک کی غذائی ضروریات پوری کرنے کے لیے محنت کرتے ہیں۔
وزیراعلیٰ کے مطابق کھاد اور دیگر زرعی ضروریات کی قیمتوں میں اضافے کے پیش نظر حکومت نے گندم کاشتکاروں کے لیے امدادی پروگرام کو مزید مؤثر بنایا ہے۔
2026-27 کے پروگرام کے تحت 25 ایکڑ تک اراضی رکھنے والے اہل گندم کاشتکاروں کو تصدیق شدہ زیر کاشت رقبے کے مطابق فی ایکڑ 4 ہزار روپے فراہم کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ محکمہ خوراک کو گندم فراہم کرنے والے کسانوں کو حقیقی طور پر فراہم کردہ مقدار کے حساب سے فی من 2 ہزار روپے اضافی دیے جائیں گے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ حکومت کی پالیسی واضح ہے کہ کسان کو فصل کی کاشت کے وقت مالی معاونت فراہم کی جائے اور سرکاری خریداری کے نظام میں پیداوار لانے پر بھی اسے فائدہ دیا جائے۔ ان کے مطابق اس اقدام سے کاشتکاروں پر مالی بوجھ کم ہوگا، گندم کی کاشت کی حوصلہ افزائی ہوگی اور غذائی تحفظ مضبوط ہوگا۔
وزیراعلیٰ نے بتایا کہ گزشتہ سال کے پروگرام کے تحت بینظیر ہاری کارڈ کے ذریعے 3 لاکھ 33 ہزار 125 رجسٹرڈ اور تصدیق شدہ کاشتکاروں کو تقریباً 41 ارب 84 کروڑ روپے براہ راست فراہم کیے گئے تھے۔ ان کے مطابق اس پروگرام کے نتیجے میں گندم کی ریکارڈ پیداوار تقریباً 49 لاکھ ٹن رہی۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے رواں سیزن کے لیے گندم کی خریداری قیمت 4500 روپے فی من مقرر کرنے کی منظوری بھی حاصل کرلی ہے، جس سے کاشتکاروں کو مزید معاونت ملے گی۔
وزیراعلیٰ نے کسانوں پر زور دیا کہ وہ فی ایکڑ 4 ہزار روپے کی سبسڈی کو خصوصی طور پر ڈی اے پی کھاد کی خریداری کے لیے استعمال کریں تاکہ گندم کی فصل کی پیداوار اور مجموعی زرعی نتائج بہتر بنائے جا سکیں۔
خشک سالی سے متاثرہ علاقوں کے لیے امدادی پیکیج کی تفصیلات بتاتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ تھرپارکر اور عمرکوٹ کے 25 دیہات کو حال ہی میں خشک سالی سے متاثرہ قرار دیا گیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ متاثرہ خاندانوں کو بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ادائیگی کے نظام کے ذریعے مالی امداد فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
5 ارب 30 کروڑ روپے کے پیکیج کے تحت ہر اہل خاندان کو مجموعی طور پر 8 ہزار روپے تین اقساط میں دیے جائیں گے، تاکہ وہ آٹا، مویشیوں کے چارے اور دیگر بنیادی ضروریات پوری کرسکیں۔
وزیراعلیٰ کے مطابق پہلی قسط یکم دسمبر، دوسری یکم جنوری اور تیسری یکم فروری تک مستحق خاندانوں کو فراہم کردی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت متاثرہ علاقوں میں زرعی شعبے کو براہ راست امداد فراہم کرنے کے لیے ڈیٹا بھی تیار کر رہی ہے، جبکہ پانی کے بہتر استعمال اور کسانوں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
تقریب سے وزیر زراعت سردار محمد بخش خان مہر نے بھی خطاب کیا اور پروگرام کی کارکردگی، عمل درآمد کی پیش رفت اور زرعی پیداوار بڑھانے کے لیے محکمہ زراعت کے اقدامات سے آگاہ کیا۔
تقریب میں گندم کے کاشتکاروں نے بھی اپنے تجربات بیان کیے، جبکہ زیادہ پیداوار حاصل کرنے والے نمایاں کسانوں کو ایوارڈز بھی دیے گئے۔