تازہ ترین

اینکر پرسن اقرار الحسن پر سائبر دہشت گردی کیس میں فرد جرم عائد

0

کراچی کی جوڈیشل مجسٹریٹ ایسٹ کی عدالت نے اینکر پرسن اقرار الحسن کے خلاف سائبر دہشت گردی اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر مبینہ طور پر ریاست مخالف، جھوٹا اور ہتک آمیز مواد پھیلانے کے مقدمے میں فرد جرم عائد کردی ہے، تاہم اقرار الحسن نے صحت جرم سے انکار کرتے ہوئے مقدمہ لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔

جمعے کو سماعت کے آغاز پر عدالت نے اقرار الحسن کو ان کے خلاف عائد الزامات پڑھ کر سنائے، جس پر انہوں نے صحت جرم سے انکار کیا۔

عدالت نے مقدمے کی مزید سماعت 9 دسمبر تک ملتوی کرتے ہوئے استغاثہ کے گواہوں کو بیانات ریکارڈ کرانے کے لیے طلب کرلیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے لاہور میں اقرار الحسن کے گھر سے انہیں گرفتار کیا تھا۔ ان کے خلاف کراچی میں الیکٹرانک جرائم کی روک تھام کے قانون (پیکا) کی مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

سماعت کے بعد اقرار الحسن کے وکیل ایڈووکیٹ احمد مسعود نے صحافیوں کو بتایا کہ انہوں نے این سی سی آئی اے کی جانب سے گرفتاری کے وقت ضبط کی گئی ڈیجیٹل ڈیوائسز واپس کرنے کے لیے عدالت میں درخواست دائر کی ہے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ مقدمے کی تفتیش مکمل ہو چکی ہے اور ضبط شدہ ڈیوائسز کو مزید تحویل میں رکھنے کی ضرورت نہیں، تاہم یہ آلات تاحال این سی سی آئی اے کے پاس موجود ہیں۔

اقرار الحسن نے بھی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ انہیں عدالت سے انصاف ملے گا۔

این سی سی آئی اے نے اقرار الحسن کے خلاف پیکا کی دفعات 9، 10، 20، 24 اور 26 اے کے تحت مقدمہ درج کیا تھا۔ ان دفعات کا تعلق جرم کی تعریف و تشہیر، سائبر دہشت گردی، کسی فرد کی عزت کے خلاف جرائم، سائبر اسٹاکنگ اور جھوٹی و جعلی معلومات کی سزا سے ہے۔

ایف آئی آر کے مطابق الزام ہے کہ ملزم نے قانونی اقدامات کو متنازع انداز میں پیش کیا تاکہ عام شہریوں کو ریاست اور قانونی طور پر قائم اداروں کے خلاف اکسانے اور اشتعال دلانے کی کوشش کی جا سکے۔

ایف آئی آر میں مزید دعویٰ کیا گیا ہے کہ مبینہ مواد سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر عوامی رسائی کے لیے شائع اور نشر کیا گیا، تاکہ پاکستان اور بیرون ملک لوگوں تک پہنچ سکے۔ مقدمے کے متن میں یہ الزام بھی شامل ہے کہ اس مواد میں عدالتوں سے سزا یافتہ افراد کی غلط طور پر ستائش کی گئی اور ملزم کے بیانات وفاق کی سالمیت اور یکجہتی کے لیے نقصان دہ تھے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.