کراچی: پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کے مقبول ڈرامے عشق مرشد نے ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر ایک اور بڑا اعزاز اپنے نام کرلیا، ڈرامے نے یوٹیوب پر مجموعی طور پر 3 ارب ویوز کا سنگِ میل عبور کرلیا ہے۔
بلال عباس خان اور درفشاں سلیم کی مرکزی اداکاری پر مشتمل ڈرامہ عشق مرشد پاکستان کے ساتھ ساتھ دنیا بھر میں ناظرین کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب رہا اور اب یہ 3 ارب مجموعی یوٹیوب ویوز حاصل کرنے والے پاکستانی ڈراموں کی فہرست میں شامل ہوگیا ہے۔
ڈرامے میں بلال عباس خان نے شاہمیر سکندر اور ان کے دلچسپ روپ فضل بخش کا کردار ادا کیا، جبکہ درفشاں سلیم نے شبرا سلیمان کا کردار نبھایا۔ دونوں اداکاروں کی اسکرین کیمسٹری کو ناظرین کی جانب سے خاص طور پر پسند کیا گیا۔
دلچسپ کہانی، یادگار کرداروں، جاندار اداکاری اور مقبول گیت ’تیرے میرا ہے پیار امر‘ نے ڈرامے کی مقبولیت میں اہم کردار ادا کیا، جس کے باعث اسے پاکستان کے علاوہ بیرون ملک بھی بڑی تعداد میں ناظرین ملے۔
عشق مرشد کی ٹی وی نشریات دو سال سے زائد عرصہ قبل اختتام پذیر ہوچکی ہیں، تاہم ڈرامہ اب بھی یوٹیوب پر مسلسل نئے ناظرین حاصل کر رہا ہے، جو اس کی دیرپا مقبولیت کا واضح ثبوت ہے۔
رومانوی ڈرامہ عشق مرشد 8 اکتوبر 2023 سے 5 مئی 2024 تک نشر کیا گیا تھا اور اپنے منفرد کرداروں اور کہانی کے باعث پاکستانی ٹیلی ویژن کے کامیاب ترین ڈراموں میں شمار ہوتا ہے۔
3 ارب یوٹیوب ویوز کا ہندسہ عبور کرنے والے دیگر مقبول پاکستانی ڈراموں میں خدا اور محبت، کیسی تیری خودغرضی، تیرے بن اور جان نثار شامل ہیں۔