کراچی: پاکستان میں رواں مالی سال کے اختتام تک ترسیلاتِ زر 45 ارب ڈالر تک پہنچنے کی توقع ہے، جبکہ چھوٹے کاروباروں اور زراعت کو قرضوں کی فراہمی میں بہتری معاشی ترقی کے لیے اہم قرار دی گئی ہے۔
کراچی کے ایک نجی ہوٹل میں گرین پیک انٹرنیشنل اور پاکستان بینکس ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام ری-سیٹ 2.0، ریٹیل بینکنگ اینڈ اسمال بزنس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک سلیم اللہ نے کہا کہ رواں مالی سال کے اختتام پر 45 ارب ڈالر کی ترسیلاتِ زر آنے کا تخمینہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے سرمایہ کاری کی بہتر مصنوعات موجود نہ ہونے کے باعث ترسیلاتِ زر کا بڑا حصہ رئیل اسٹیٹ اور دیگر شعبوں میں لگایا جاتا ہے۔ بینکوں کو اس جانب بھی توجہ دینی ہوگی، جبکہ ٹیکنالوجی کے کئی پلیٹ فارمز اس حوالے سے امید کی کرن ہیں۔
ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک کا کہنا تھا کہ گزشتہ پانچ برس میں پاکستان کے بینکاری شعبے نے نمایاں ترقی کی ہے، تاہم اب بھی کئی مسائل پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ حقیقی جی ڈی پی نمو میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، کیونکہ زراعت جیسے اہم شعبے میں اب تک 2.5 فیصد سے زیادہ ترقی حاصل نہیں ہو پا رہی۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ چار برس میں ملک نے میکرو اکنامک استحکام حاصل کیا، تاہم اس کی قیمت کم جی ڈی پی نمو اور بلند بے روزگاری کی صورت میں ادا کرنا پڑی۔ اس عرصے میں جی ڈی پی کی اوسط شرح نمو صرف 2.1 فیصد رہی۔ ان کے مطابق معاشی استحکام نے ترقی کے لیے بنیاد فراہم کردی ہے اور اب ایسی حکمت عملی درکار ہے جو معاشی سرگرمیوں کو تیز کرسکے۔
سلیم اللہ نے کہا کہ رواں مالی سال کے باقی آٹھ ماہ میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں (ایس ایم ایز) کو مزید فروغ دینا ہوگا۔ پاکستان میں موجود تقریباً 29 لاکھ ایس ایم ایز کو قرضوں تک رسائی حاصل نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ زراعت اور چھوٹے کاروباروں پر توجہ دی جائے تو بینکاری کے نئے مصنوعات اور مواقع خود سامنے آئیں گے، کیونکہ کوئی کاروبار اسی وقت ترقی کرسکتا ہے جب اس کے صارفین کی معاشی حالت بہتر ہو۔
انہوں نے بینکوں پر زور دیا کہ وہ منافع ضرور کمائیں، لیکن صرف صارفین کے بل بوتے پر نہیں۔ بینکوں کو کرنٹ اکاؤنٹس سے آگے بڑھ کر ایسی مصنوعات متعارف کرانی چاہئیں جو صارفین کے لیے حقیقی قدر پیدا کریں۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے چیف ایگزیکٹو فرخ سبزواری نے کہا کہ نوجوان نسل کو اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری سے روکنے کے بجائے اس کی حوصلہ افزائی کی جانی چاہیے۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ جین زی کو سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھانے دیں۔
ان کے مطابق پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں اب اوسطاً ہر ماہ 25 ہزار اکاؤنٹس کھولے جا رہے ہیں، جبکہ گزشتہ سال یہ تعداد ماہانہ تقریباً 5 ہزار تھی۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کے والدین نے 1998 اور 2008 کے مالیاتی بحرانوں میں نقصانات کا سامنا کیا، جس کے باعث وہ نئی نسل کو سرمایہ کاری سے روک رہے ہیں۔
فرخ سبزواری نے بتایا کہ اسٹاک ایکسچینج میں سہولت اکاؤنٹ صرف سات منٹ میں کھولا جا سکتا ہے اور اس میں دستاویزی تقاضے نسبتاً آسان ہیں۔ عمومی اکاؤنٹس میں اینٹی منی لانڈرنگ (اے ایم ایل) اور اپنے صارف کو جانیں (کے وائی سی) سے متعلق مسائل سامنے آتے ہیں، تاہم اس حوالے سے سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان اور اسٹیٹ بینک کے ساتھ کام جاری ہے۔
بینک الفلاح کے صدر اور چیف ایگزیکٹو عاطف باجوہ نے کہا کہ دس سال پہلے بینکاری کا شعبہ کافی پیچھے تھا، تاہم موجودہ اعدادوشمار ترقی کی نشاندہی کر رہے ہیں اور جی ڈی پی نمو میں بھی بہتری آئی ہے۔
انہوں نے بینکاری کے شعبے میں بڑھتے ہوئے منافع کے رجحان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بینک متعدد مصنوعات متعارف کراتے ہیں، لیکن بعض اوقات صارفین کی ضروریات کے بجائے اپنی آمدنی اور منافع کو ترجیح دیتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کرنٹ اکاؤنٹس بینکوں کے لیے منافع بخش ہوسکتے ہیں، لیکن صارف کو ایسا اکاؤنٹ کھلوانے کا مشورہ دینا جس سے فائدہ صرف بینک کو ہو، درست طرزِ عمل نہیں۔
عاطف باجوہ نے اسلامی اور روایتی بینکوں کے منافع کے فرق سے متعلق سوالات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایسے متعدد معاملات ہیں جن کا جائزہ لینے کی ضرورت ہے۔
وفاقی مشیر خزانہ برائے خصوصی اقدامات عدنان پاشا نے کہا کہ پائیدار معاشی ترقی کے لیے چھوٹے کاروباروں اور کسانوں کو آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی ناگزیر ہے۔ ان کے مطابق جب رسمی ذرائع سے قرض نہیں ملتا تو لوگ غیر رسمی قرضوں کا سہارا لیتے ہیں، جس سے پائیدار معاشی نمو ممکن نہیں رہتی۔
انہوں نے بتایا کہ حکومت کے زرخیزی پروگرام کے تحت ہر کسان بینک اکاؤنٹ ہولڈر بن چکا ہے۔ حکومت بینکوں کو خطرات کم کرنے میں مدد دینے کے ساتھ کاروبار کے نئے مواقع بھی فراہم کر رہی ہے۔ اس مقصد کے لیے سمیڈا کے ساتھ بھی بات چیت جاری ہے تاکہ بینکوں اور ریگولیٹرز کے تعاون سے ایس ایم ایز کی مالی ضروریات پوری کی جاسکیں۔
عدنان پاشا نے کہا کہ حکومت آئندہ سال زرخیزی 2.0 پروگرام شروع کرے گی، جبکہ بینکوں کو رسک شیئرنگ کے ذریعے اپنی مصنوعات کو کاروبار کی پیداواری صلاحیت بڑھانے سے جوڑنا ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم قرض تک رسائی پروگرام کا ہر ماہ جائزہ لیتے ہیں اور پالیسی کا تسلسل ہی قرضوں تک رسائی بہتر بنا سکتا ہے۔ زراعت کے شعبے میں بینکوں کی معاونت سے قرضوں کا حجم 2 ہزار ارب روپے تک بڑھانے کی ضرورت ہے۔