تازہ ترین

عدلیہ کی آزادی عوام کے حقوق کے تحفظ کی ضمانت ہے، جسٹس جمال مندوخیل

0

اسلام آباد: جسٹس جمال مندوخیل نے عدلیہ کی آزادی اور آئین کی بالادستی پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ عدلیہ کو انتظامیہ سے الگ اور ہر قسم کے دباؤ سے آزاد ہونا چاہیے، کیونکہ اگر عدلیہ ایگزیکٹو کے تابع ہوجائے تو قانون طاقتور کی خواہش کا غلام بن جاتا ہے۔

اپنے اعزاز میں منعقدہ الوداعی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ وہ آج جس مقام پر ہیں، اس میں ان کے والدین اور اساتذہ کا بنیادی کردار ہے۔ ایک جج اپنے حلف کے بغیر کچھ نہیں ہوتا اور اسے ہر وقت اپنے حلف کو یاد رکھنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ آزاد عدلیہ کے ساتھ اس بات کو بھی یقینی بنانا ضروری ہے کہ وہ آئین اور قانون کے تابع رہے۔ جج کے کردار اور طرزِ عمل کا حتمی فیصلہ کسی ایک شخص کے اختیار میں نہیں ہوتا بلکہ اس کی قابلیت، دیانت داری اور کردار کا اصل معیار اس کے عدالتی فیصلے ہوتے ہیں۔

جسٹس جمال مندوخیل نے جج کی بنیادی خوبیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایک جج کو تحمل اور خوش اخلاقی سے فریقین کی بات سننی چاہیے، دانشمندی سے جواب دینا چاہیے، سنجیدگی سے غور و فکر کرنا چاہیے اور غیر جانبداری کے ساتھ فیصلہ کرنا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ آئین اختیارات کا سرچشمہ ہونے کے ساتھ ان کی حدود کا تعین بھی کرتا ہے۔ یہ پارلیمان، عدلیہ اور انتظامیہ سمیت ریاستی اداروں کو ان کے اختیارات سے آگاہ کرتا ہے۔ دیگر اداروں کے اختیارات پر نگرانی رکھنا عدلیہ کا آئینی کردار ہے، جبکہ آئین کی تشریح اور اس پر دیانت داری سے عملدرآمد یقینی بنانا بھی اسی کی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئین کے تحت اختیارات کسی کی ذاتی ملکیت نہیں بلکہ امانت ہیں۔ عام شہریوں کو بھی حقوق اور قانون تک وہی رسائی حاصل ہونی چاہیے جو طاقتور اور بااثر افراد کو میسر ہے۔ عدلیہ کی آزادی کوئی استحقاق نہیں بلکہ عوام کے حقوق کے تحفظ کی ضمانت ہے۔

جسٹس جمال مندوخیل نے مزید کہا کہ عدلیہ کی آزادی کا احترام صرف باتوں سے نہیں بلکہ عملی فیصلوں سے ظاہر ہوتا ہے۔ عدالتوں کو سائلین کے لیے خوف کی جگہ نہیں ہونا چاہیے، بلکہ ان لوگوں کو قانون کا خوف ہونا چاہیے جو آئین اور قانون کی خلاف ورزی کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بطور جج انہیں جسٹس نعیم اختر افغان اور جسٹس ہاشم کاکڑ نے بہت سپورٹ کیا۔ اکیلا انسان کچھ نہیں ہوتا اور باہمی مشاورت سے کیے گئے فیصلے بہتر ہوتے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پارلیمنٹ بھی اجتماعی دانش کے تحت فیصلے کرے گی۔

الوداعی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان نے جسٹس جمال مندوخیل کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ انہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ جسٹس جمال مندوخیل اسکول میں فٹبال ٹیم کے کپتان رہے اور ان کی قیادت کی صلاحیتیں قانونی امور میں بھی نمایاں رہیں۔

اٹارنی جنرل کے مطابق جسٹس جمال مندوخیل نے بطور چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ اہم فیصلے کیے، جبکہ سپریم کورٹ کے جج کی حیثیت سے بھی ان کے کئی تاریخی فیصلے موجود ہیں۔ انہوں نے سول، سروس اور فوجداری مقدمات میں بھی اہم فیصلے کیے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.