تازہ ترین

فیفا اور یوئیفا پر دوہرے معیار کا الزام، میسوت اوزل یوکرین کی متنازع فہرست میں شامل

0

برلن: جرمنی کے سابق عالمی شہرت یافتہ فٹبالر اور 2014 ورلڈ کپ کی فاتح ٹیم کے رکن میسوت اوزل ایک متنازع بیان کے بعد نئی بحث کا مرکز بن گئے ہیں۔ فیفا اور یوئیفا پر دوہرے معیار اپنانے کا الزام لگانے کے بعد ان کا نام یوکرین کی متنازع ویب سائٹ ’میروٹووورٹس‘ کی فہرست میں شامل کیے جانے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اس ویب سائٹ پر ایسے افراد کی ذاتی معلومات شائع کی جاتی ہیں جنہیں یوکرین کے لیے خطرہ تصور کیا جاتا ہے۔

رپورٹس کے مطابق اوزل نے استنبول میں ایک نمائشی فٹبال میچ کے دوران عالمی فٹبال اداروں کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ ان کا مؤقف تھا کہ روسی ٹیموں کو عالمی مقابلوں سے باہر رکھا گیا ہے، جبکہ اسرائیلی ٹیموں کے خلاف اسی نوعیت کی پابندیاں عائد نہیں کی گئیں۔

سابق فٹبالر نے کہا کہ کھیل کو قومیت اور مذہب کی بنیاد پر تقسیم نہیں ہونا چاہیے اور تمام ممالک کے ساتھ یکساں سلوک کیا جانا چاہیے۔

واضح رہے کہ روسی ٹیموں پر فروری 2022 سے فیفا اور یوئیفا کے مقابلوں میں شرکت پر پابندی عائد ہے، جبکہ اسرائیلی ٹیمیں عالمی ٹورنامنٹس میں حصہ لے رہی ہیں۔

38 سالہ میسوت اوزل نے 2023 میں فٹبال سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔ وہ ریال میڈرڈ اور آرسنل جیسے بڑے کلبوں کی نمائندگی کر چکے ہیں، جبکہ جرمنی کی قومی ٹیم کی جانب سے 92 میچز کھیلنے کے بعد 2014 کا ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کا حصہ بھی رہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.