اسلام آباد: تحریک تحفظ آئین پاکستان کے پلیٹ فارم پر اپوزیشن کی سیاسی سرگرمیوں میں تیزی آ گئی ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر اور اسد قیصر نے محمود خان اچکزئی سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی، جس میں عمران خان کی صحت، عدالتی معاملات اور زیرِ حراست رہنماؤں کی رہائی سمیت اہم سیاسی امور زیرِ بحث آئے۔
ملاقات کے بعد جاری اعلامیے میں رہنماؤں نے بانی پی ٹی آئی کی صحت اور عدالتی فیصلوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سپریم کورٹ کے 18 اگست کے فیصلے پر فوری اور مکمل عملدرآمد کا مطالبہ کیا۔ اعلامیے میں عمران خان کو شفا انٹرنیشنل اسپتال اسلام آباد منتقل کرنے اور انہیں معیاری طبی سہولیات فراہم کرنے پر بھی زور دیا گیا۔
دوسری جانب پمز اسپتال انتظامیہ کے مطابق 10 اور 11 نومبر کی درمیانی شب عمران خان کو طبی معائنے کے لیے اڈیالہ جیل سے اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ اسپتال ذرائع کے مطابق ان کا طبی معائنہ اور آنکھوں کا فالو اَپ ٹریٹمنٹ کیا گیا، جبکہ ماہر امراضِ چشم کی ہدایت پر ان کی آنکھ میں انجکشن بھی لگایا گیا۔ علاج مکمل ہونے کے بعد انہیں رات گئے واپس اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا۔
ملاقات میں وفاقی آئینی عدالت کی جانب سے پشاور ہائیکورٹ کو مقدمات کی سماعت سے روکنے کے اقدام کو یکطرفہ قرار دیتے ہوئے اس کے خلاف وفاقی آئینی عدالت میں باقاعدہ درخواست دائر کرنے کا اعلان بھی کیا گیا۔
ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ان کی خواہش تھی کہ مولانا فضل الرحمان کے ساتھ اتحاد قائم ہو، تاہم ان کے ساتھ مل کر تحریک چلانا فی الحال قبل از وقت ہے۔ انہوں نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے جیل میں ملاقاتوں سے متعلق حکم کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی۔