کراچی: پاکستان کے توانائی کے شعبے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) نے سندھ کے ضلع خیرپور میں تیل اور گیس کے نئے ذخائر دریافت کرنے کا اعلان کیا ہے۔ نئی دریافت سے روزانہ لاکھوں مکعب فٹ گیس اور کنڈینسیٹ کی پیداوار متوقع ہے۔
او جی ڈی سی ایل کے مطابق یہ دریافت ضلع خیرپور میں واقع بٹرسِم نارتھ ویسٹ ون (Buttarsim North West-1) کنویں سے ہوئی، جس کی گہرائی 3 ہزار 732 میٹر ہے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ کنویں سے یومیہ 12.8 ملین مکعب فٹ گیس حاصل ہونے کی توقع ہے، جبکہ یہاں سے روزانہ 175 بیرل کنڈینسیٹ بھی پیدا ہوگا۔
او جی ڈی سی ایل کے مطابق اس دریافت سے کمپنی کے پیداواری ذخائر میں اضافہ ہوگا اور مستقبل کی آمدنی بہتر ہونے کی امید ہے۔ یہ پیش رفت ملک میں مقامی توانائی کے وسائل سے استفادے اور گیس کی پیداوار بڑھانے کے حوالے سے اہمیت رکھتی ہے۔