تازہ ترین

پاکستان سمیت متعدد ممالک کے وفود کا نیتن یاہو کی تقریر پر احتجاجی واک آؤٹ

0

نیویارک: اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کی تقریر شروع ہوتے ہی اجلاس کا ماحول احتجاج میں بدل گیا اور متعدد ممالک کے وفود نے بطور احتجاج ہال سے واک آؤٹ کردیا۔

رپورٹس کے مطابق واک آؤٹ کرنے والے وفود میں ایران، قطر، سعودی عرب، فلسطینی اتھارٹی، پاکستان، ترکیہ اور دیگر عرب و مسلم ممالک کے نمائندے شامل تھے۔ نیتن یاہو کے خطاب کے آغاز پر کئی وفود اپنی نشستیں چھوڑ کر ہال سے باہر چلے گئے۔

فلسطینی وفد نے نیتن یاہو کی تقریر سے قبل مختلف ممالک کے سفارتی مشنز کو پیغام بھیج کر اجتماعی واک آؤٹ میں شرکت کی اپیل کی تھی۔ تقریر شروع ہونے کے بعد بعض ارکان کی جانب سے نعرے بازی اور احتجاج بھی کیا گیا۔

دستیاب رپورٹس کے مطابق کم از کم 77 افراد اجلاس سے واک آؤٹ کر گئے، جس کے باعث جنرل اسمبلی کا ہال بڑی حد تک خالی ہوگیا۔ اس موقع پر نیتن یاہو نے واک آؤٹ کرنے والے مندوبین کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں بزدلی کا مظاہرہ کرنے والا قرار دیا اور کہا کہ اگر ہال میں موجود دیگر افراد بھی ان سے متفق ہیں تو وہ بھی باہر چلے جائیں۔

جنرل اسمبلی کے اجلاس کے صدر نے احتجاج اور نعرے بازی کرنے والے ارکان کو متعدد مرتبہ خاموش رہنے کی ہدایت کی، تاہم احتجاج کا سلسلہ جاری رہا اور بڑی تعداد میں مندوبین ہال سے باہر نکل گئے۔

دوسری جانب نیتن یاہو کی اقوام متحدہ کی عمارت آمد کے موقع پر باہر بھی مظاہرین نے احتجاج کیا اور ان کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ مظاہرین کی جانب سے نیتن یاہو کا ایک پتلا بھی پھانسی دیے جانے کی علامت کے طور پر لٹکایا گیا، جس پر ’’شیطان‘‘ کا لفظ درج تھا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.