تازہ ترین

بلوچستان کے وسائل کو معاشی ترقی سے جوڑ کر روزگار کے مواقع پیدا کیے جائیں، ظہور بلیدی

0

کوئٹہ: بلوچستان میں ترقیاتی منصوبوں کو مؤثر انداز میں آگے بڑھانے اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرنے کے حوالے سے اہم پیش رفت ہوئی ہے، صوبائی حکومت نے دستیاب وسائل کو معاشی سرگرمیوں میں تبدیل کرنے اور نجی شعبے کو ترقیاتی عمل میں مزید شامل کرنے پر توجہ مرکوز کرنے کا عندیہ دیا ہے۔

صوبائی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات میر ظہور بلیدی سے چیئرمین بورڈ آف انویسٹمنٹ بلال خان کاکڑ نے ملاقات کی، جس میں بلوچستان کے جاری و مستقبل کے ترقیاتی منصوبوں، سرمایہ کاری کے فروغ اور صوبے میں معاشی سرگرمیوں کے دائرہ کار کو وسیع کرنے سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران بلوچستان میں سرمایہ کاری کے موجودہ امکانات اور دستیاب وسائل کو معاشی ترقی کے لیے مؤثر انداز میں بروئے کار لانے کے معاملات زیرِ غور آئے۔ دونوں جانب سے اس امر پر بھی گفتگو کی گئی کہ ترقیاتی منصوبوں میں نجی شعبے کی شمولیت بڑھا کر سرمایہ کاری اور معاشی سرگرمیوں کو مزید وسعت دی جاسکتی ہے۔

اس موقع پر صوبائی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات میر ظہور بلیدی نے کہا کہ بلوچستان کی پائیدار ترقی کے لیے مؤثر منصوبہ بندی، دستیاب وسائل کا بہتر استعمال اور سرمایہ کاری کا فروغ بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صوبے میں قدرتی اور معاشی وسائل کے وسیع امکانات موجود ہیں، جنہیں منظم منصوبہ بندی کے ذریعے ترقی کے عمل سے منسلک کیا جاسکتا ہے۔

میر ظہور بلیدی کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے وسائل کو معاشی سرگرمیوں میں تبدیل کرنے سے نہ صرف صوبے کی مجموعی معیشت کو تقویت مل سکتی ہے بلکہ مقامی سطح پر روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا کیے جاسکتے ہیں۔

ملاقات میں ترقیاتی منصوبوں کی مؤثر منصوبہ بندی، سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے اور نجی شعبے کے کردار کو بڑھانے کے حوالے سے مختلف تجاویز پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

فریقین نے بلوچستان میں معاشی سرگرمیوں کے فروغ اور ترقیاتی منصوبوں کو بہتر انداز میں آگے بڑھانے کے لیے باہمی رابطہ اور تعاون جاری رکھنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.