تازہ ترین

پیپلز ٹرین طلبہ اور کم آمدنی والوں کے لیے کم خرچ سفری سہولت فراہم کرے گی، سرفراز بگٹی

0

کوئٹہ: بلوچستان میں شہریوں کے لیے کم خرچ اور بہتر سفری سہولت کی فراہمی کی جانب اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، سریاب سے کچلاک کے درمیان پیپلز ٹرین سروس کے لیے 32 کلومیٹر ریلوے ٹریک کی اپ گریڈیشن مکمل ہونے کے بعد ٹرین کوئٹہ پہنچ گئی ہے، جس کے بعد سروس کے باقاعدہ آغاز کی تیاریاں تیز ہوگئی ہیں۔

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اپنے سوشل میڈیا پیغام میں بتایا کہ سریاب تا کچلاک 32 کلومیٹر ریلوے ٹریک کی اپ گریڈیشن مکمل کرلی گئی ہے جبکہ پیپلز ٹرین بھی کوئٹہ پہنچ چکی ہے۔

وزیراعلیٰ کے مطابق پیپلز ٹرین کا بنیادی مقصد شہریوں کو محفوظ، آرام دہ اور کم خرچ سفری سہولت فراہم کرنا ہے۔ اس سروس سے بالخصوص طلبہ، محنت کشوں، کم آمدنی والے افراد اور روزانہ سفر کرنے والے شہریوں کو فائدہ پہنچے گا۔

منصوبے کے تحت سریاب تا کچلاک ریلوے ٹریک کی بحالی اور اپ گریڈیشن کے ساتھ ٹریک کے پشتوں کو بھی مضبوط اور محفوظ بنایا گیا ہے۔ سریاب اور کچلاک ریلوے اسٹیشنز کی سہولیات میں بہتری لائی گئی ہے جبکہ مختلف دیگر اسٹیشنز پر بھی تعمیر، تزئین و آرائش اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کا کام مکمل کیا گیا ہے۔

سریاب، کچلاک، شیخ ماندا، بلیلی اور جی او آر ہالٹ سمیت روٹ پر موجود ریلوے اسٹیشنز کو بہتر بنایا گیا ہے، جبکہ بعض مقامات پر نئے اسٹیشنز اور دیگر ضروری تنصیبات بھی مکمل کی گئی ہیں۔ جی او آر ہالٹ اسٹیشن پر تعمیر نو کے ساتھ سولرائزیشن اور برقی کام بھی کیے گئے ہیں جبکہ مسافروں کی سہولت کے لیے نئے فرنیچر اور بینچز نصب کیے گئے ہیں۔

ریلوے حکام کے مطابق پیپلز ٹرین کے لیے تیار کی گئی کوچز بھی ریکارڈ مدت میں مکمل کی گئی ہیں اور ٹرین کو کوئٹہ منتقل کردیا گیا ہے۔ سروس شروع ہونے کے بعد شہریوں کو روزمرہ آمدورفت کے لیے ایک متبادل اور نسبتاً کم خرچ سفری ذریعہ میسر آئے گا۔

وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ پیپلز ٹرین جلد بلوچستان کی پٹڑیوں پر عوامی سفری سہولت کے طور پر رواں دواں ہوگی۔ ان کا کہنا ہے کہ اس سروس سے عام شہریوں کے ساتھ ساتھ طلبہ، مزدوروں اور کم آمدنی والے طبقے کو خاص طور پر سہولت حاصل ہوگی۔

پیپلز ٹرین منصوبہ حکومت بلوچستان اور پاکستان ریلوے کے باہمی تعاون سے آگے بڑھایا گیا ہے، جس کا مقصد صوبے میں ریلوے انفراسٹرکچر کی بحالی کے ساتھ شہریوں کے لیے بہتر اور قابلِ رسائی سفری نظام فراہم کرنا ہے۔

سریاب سے کچلاک کے درمیان ٹرین سروس کے آغاز سے کوئٹہ اور اس کے گردونواح کے شہری علاقوں کے درمیان سفری رابطہ مزید بہتر ہونے کی توقع ہے، جبکہ مستقبل میں اس طرز کی سروس کو بلوچستان کے دیگر علاقوں تک وسعت دینے کی گنجائش بھی موجود ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.