اسلام آباد: ملک میں نئے صوبوں اور انتظامی یونٹس کے قیام کا معاملہ ایک بار پھر سیاسی سطح پر زیر بحث آگیا ہے۔ وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان اور وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف کے درمیان ملاقات میں اس معاملے سمیت ملکی و سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران سردار محمد یوسف نے خیبرپختونخوا میں ہزارہ صوبے کے قیام کی مسلسل حمایت پر عبدالعلیم خان کا شکریہ ادا کیا اور نئے صوبوں کے حق میں مؤثر آواز اٹھانے کو سراہا۔
عبدالعلیم خان نے کہا کہ معاملہ صوبوں کی تقسیم کا نہیں بلکہ انتظامی نظام کو بہتر اور مؤثر بنانے کا ہے۔ ان کے مطابق چاروں صوبوں میں نئے انتظامی یونٹس کی تشکیل اب ناگزیر اور وقت کا اہم تقاضا بن چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مقصد محض سیاسی سرگرمی نہیں بلکہ عوام کو درپیش مسائل کا مستقل حل تلاش کرنا ہے تاکہ تعلیم، صحت اور بنیادی شہری سہولیات لوگوں کی دہلیز تک پہنچائی جا سکیں۔
دونوں رہنماؤں نے موجودہ صوبائی نظام میں انتظامی بہتری اور عوامی سہولیات کی فراہمی سے متعلق مسائل پر بھی گفتگو کی۔ انہوں نے نئے صوبوں کے معاملے پر تمام اسٹیک ہولڈرز کے درمیان کھلے اور صحت مند مکالمے کی ضرورت پر زور دیا۔
عبدالعلیم خان نے کہا کہ اس اہم قومی معاملے پر مختلف سیاسی جماعتوں کی جانب سے توجہ دینا خوش آئند ہے۔ دونوں رہنماؤں نے امید ظاہر کی کہ نئے صوبوں اور انتظامی یونٹس کے معاملے پر جلد مثبت پیش رفت سامنے آئے گی۔