اسلام آباد: پاکستان نے بین الاقوامی مالیاتی منڈی میں ایک اہم سنگِ میل عبور کرتے ہوئے اپنے پہلے پائیدار پانڈا بانڈ پر عالمی اعزاز حاصل کرلیا ہے۔ بانڈ کی غیر معمولی طلب اور کامیاب اجرا کو پاکستان کی چین کی مالیاتی منڈی تک رسائی اور پائیدار ترقی کیلئے سرمایہ حاصل کرنے کی اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
پاکستان کو 2026 ایشیا بحرالکاہل موسمیاتی بانڈز اعزازات میں پائیدار خودمختار پانڈا بانڈ جاری کرنے والے ملک کا نمایاں اعزاز دیا گیا۔ یہ بانڈ مئی 2026 میں جاری کیا گیا تھا اور اس کی مالیت ایک ارب 75 کروڑ چینی یوآن تھی۔
وزیر خزانہ کے مشیر خرم شہزاد کے مطابق تین سالہ پانڈا بانڈ 2.5 فیصد شرح پر جاری کیا گیا، جبکہ سرمایہ کاروں کی جانب سے اس کے جاری کردہ حجم سے پانچ گنا سے بھی زیادہ طلب موصول ہوئی۔ مجموعی طلب 8.8 ارب چینی یوآن سے تجاوز کرگئی تھی۔
بانڈ سے حاصل ہونے والی رقم پانی، توانائی اور صحت کے شعبوں میں پائیدار اور سماجی طور پر اہم منصوبوں کیلئے استعمال کی جارہی ہے۔ ایشیائی ترقیاتی بینک اور ایشیائی انفراسٹرکچر سرمایہ کاری بینک نے بھی اس اجرا میں معاونت کی ہے۔
خرم شہزاد کے مطابق پانڈا بانڈ کی کامیابی سے پاکستان کو چین کی مالیاتی منڈی میں نئے ادارہ جاتی سرمایہ کاروں تک رسائی حاصل ہوئی ہے، جبکہ ملک کے حکومتی مالی وسائل کے ذرائع میں بھی تنوع پیدا ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بانڈ کی عالمی سطح پر پذیرائی پاکستان اور چین کے درمیان مالیاتی تعاون کو مزید وسعت دینے کے ساتھ ساتھ پائیدار ترقی کیلئے عالمی سرمایہ حاصل کرنے کے نئے مواقع پیدا کر رہی ہے۔
پانڈا بانڈ کا اجرا پاکستان کیلئے چین کی مقامی مالیاتی منڈی میں پہلی خودمختار بانڈ پیش رفت بھی ہے، جس سے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی اور مالیاتی روابط کو مزید وسعت دینے کی راہ ہموار ہوئی ہے۔