تازہ ترین

عاصم منیر سے متعلق بیان، نثار کھوڑو نے وضاحت اور معذرت پیش کردی

0

کراچی: نئے صوبوں اور انتظامی یونٹس کے معاملے پر سیاسی بحث کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر سے متعلق دیے گئے اپنے بیان پر پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے وضاحت کرتے ہوئے افسوس اور معذرت کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ان کے الفاظ کا مفہوم غیر ارادی تھا اور وہ عسکری ادارے کے وقار کا احترام کرتے ہیں۔

نثار کھوڑو نے اپنے بیان میں کہا کہ فیلڈ مارشل کے حوالے سے ان کا گزشتہ روز کا بیان اپنے مفہوم کے لحاظ سے غیر ارادی تھا اور وہ اس پر دل سے افسوس کا اظہار کرتے ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ وہ عسکری ادارے کے وقار کو انتہائی اہمیت دیتے ہیں اور اگر ان کے الفاظ سے کسی قسم کی غلط فہمی پیدا ہوئی ہے تو انہیں اس پر افسوس ہے۔

یہ وضاحت اس بیان کے بعد سامنے آئی جس میں نثار کھوڑو نے نئے صوبوں کے قیام سے متعلق ایک سیمینار میں وزیر داخلہ محسن نقوی کے مؤقف پر تنقید کی تھی اور سیاسی بحث میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کا حوالہ دیے جانے پر سوال اٹھایا تھا۔

نثار کھوڑو نے اپنے سابقہ بیان میں ماضی کے فوجی حکمرانوں کا حوالہ دیتے ہوئے سیاسی دباؤ کے حوالے سے بھی بات کی تھی، تاہم اب انہوں نے اپنے الفاظ کے مفہوم پر وضاحت پیش کرتے ہوئے معذرت کی ہے۔

نئے صوبوں اور انتظامی یونٹس کے قیام کا معاملہ اس وقت ملک میں سیاسی بحث کا موضوع بنا ہوا ہے۔ سندھ میں بھی اس معاملے پر مختلف سیاسی جماعتوں کے درمیان اختلافات سامنے آئے ہیں، جبکہ صوبے کی تقسیم کے حوالے سے سندھ اسمبلی میں قرارداد بھی منظور کی جاچکی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.