آواران: بلوچستان میں دہشتگرد عناصر کے خلاف سکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران تین دہشتگرد ہلاک ہوگئے، جبکہ کارروائی کے بعد ہلاک افراد کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیے جانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق ضلع آواران کے علاقے بدرنگ میں دہشتگردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران فتنہ الہندوستان سے وابستہ تین دہشتگردوں کو نشانہ بنایا گیا اور انہیں ہلاک کردیا گیا۔
کارروائی کے بعد ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں دہشتگرد عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، جن کے دوران متعدد دہشتگردوں کو نشانہ بنایا جاچکا ہے۔
سکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں امن و استحکام کے قیام اور دہشتگردی کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔