تازہ ترین

حرمین شریفین کے تقدس اور سعودی عرب کی علاقائی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا: دفتر خارجہ

0

اسلام آباد: مکہ مکرمہ کو نشانہ بنانے کی کوشش اور سعودی عرب کے مختلف علاقوں پر حوثی حملوں کے بعد پاکستان نے سعودی قیادت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے حرمین شریفین کی حرمت، سلامتی اور زائرین کے تحفظ کیلئے اپنی حمایت کا اعادہ کیا ہے۔

پاکستان کے دفتر خارجہ کے مطابق مکہ مکرمہ کو نشانہ بنانے کی کوشش انتہائی قابل مذمت ہے، جبکہ حرمین شریفین کی سلامتی اور سعودی عرب کی خودمختاری و علاقائی سالمیت کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

پاکستان نے کہا ہے کہ وہ سعودی عرب کی قیادت اور عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور حرمین شریفین کی سلامتی، زائرین کے تحفظ اور سعودی عرب کی خودمختاری کے حوالے سے اپنی حمایت جاری رکھے گا۔

دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال کا سنجیدگی سے جائزہ لے رہا ہے اور خطے میں پائیدار امن کے قیام کیلئے سفارت کاری اور مذاکرات کی حمایت کرتا ہے۔ پاکستان اس سے قبل بھی سعودی عرب کے شہری اور معاشی مراکز پر حوثی حملوں کی مذمت کرچکا ہے اور سعودی عرب کی خودمختاری و سلامتی کیلئے حمایت کا اعادہ کرچکا ہے۔

دوسری جانب پاکستان نے 15 ستمبر کو اپنی خصوصی اقتصادی حدود میں بھارتی بحری جہاز کی مبینہ اشتعال انگیز نقل و حرکت پر بھارت سے بھی شدید احتجاج کیا ہے۔ پاکستان کے مطابق بحری مشق کے دوران بھارتی بحری جہاز پاکستانی بحری جہاز کے انتہائی قریب آیا، جس کے نتیجے میں دونوں جہازوں کے درمیان رابطہ ہوا۔

پاکستانی دفتر خارجہ کے مطابق اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن کے ناظم الامور کو طلب کرکے احتجاج ریکارڈ کرایا گیا، جبکہ نئی دہلی میں پاکستانی ناظم الامور بھی بھارتی وزارت خارجہ کے سامنے پاکستان کا احتجاج درج کرائیں گے۔

پاکستان نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ بھارتی بحری جہاز کی یہ نقل و حرکت بین الاقوامی قانون اور 1991 کے دوطرفہ معاہدے سے متصادم تھی اور اس واقعے سے خطے میں کشیدگی بڑھنے کا خطرہ پیدا ہوا۔ تاہم بھارت نے اس واقعے کی مختلف تشریح کی ہے اور دونوں ممالک نے ایک دوسرے کے اقدامات پر اعتراضات اٹھائے ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.