تازہ ترین

سیاسی بیانات کا جواب سیاسی انداز میں دیں گے: شاہد رند

0

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور بلوچستان نیشنل پارٹی مینگل کے درمیان جاری سیاسی بیان بازی کے معاملے پر معاون وزیر اعلیٰ برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند نے بی این پی مینگل کے ترجمان کے بیان کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ کو کسی جماعت یا شخصیت کا خوف نہیں، تاہم سیاسی بیانات کا جواب سیاسی انداز میں دیا جائے گا۔

شاہد رند نے کہا کہ گزشتہ ڈھائی برس کے دوران وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی کی جانب سے بی این پی مینگل یا سردار اختر مینگل کے خلاف اپنی طرف سے کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا، تاہم ان کے بقول بی این پی مینگل کی جانب سے بیانات آنے کے بعد حکومت نے اپنا مؤقف پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان کا مؤقف واضح ہے کہ اگر کوئی سیاسی یا قبائلی حیثیت کو بنیاد بنا کر دباؤ ڈالنے کی کوشش کرے گا تو اسے سیاسی انداز میں جواب دیا جائے گا۔ شاہد رند کے مطابق حالیہ دنوں میں ہونے والی سخت بیان بازی کا جواب بھی حکومت نے سیاسی انداز میں دینے کو ترجیح دی۔

بی این پی مینگل کی سیاسی مقبولیت سے متعلق شاہد رند نے کہا کہ جماعت کی انتخابی کارکردگی کا جائزہ ماضی کے انتخابات کے نتائج سے لیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے 2013 اور 2018 کے عام انتخابات کا حوالہ دیتے ہوئے بی این پی مینگل کے اتحادوں اور قومی اسمبلی کی نشستوں سے متعلق اپنے سوالات بھی اٹھائے۔

شاہد رند نے دعویٰ کیا کہ 2013 میں جمعیت علمائے اسلام اور نیشنل پارٹی کے اتحاد کے باعث بی این پی مینگل قومی اسمبلی کی نشست حاصل نہیں کرسکی، جبکہ 2018 میں جمعیت علمائے اسلام کے ساتھ اتحاد کے بعد خضدار سے قومی اسمبلی کی نشست حاصل ہوئی۔ انہوں نے بی این پی مینگل کی موجودہ سیاسی مقبولیت کے دعوے کو بھی انتخابی ریکارڈ کی روشنی میں دیکھنے پر زور دیا۔

انہوں نے لاپتہ افراد کے معاملے پر بھی بی این پی مینگل سے سوالات کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں جن افراد کی رہائی کا کریڈٹ لیا گیا، ان کے بارے میں بتایا جائے کہ وہ اس وقت کہاں ہیں اور ان کی موجودہ صورتحال کیا ہے۔

شاہد رند نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو ایک دوسرے پر الزامات لگانے کے بجائے اپنے سیاسی مؤقف اور کارکردگی کو عوام کے سامنے رکھنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں سیاسی اختلافات کو سیاسی اور جمہوری انداز میں ہی آگے بڑھایا جانا چاہیے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.