تازہ ترین

بلوچستان میں دہشت گردی کے خاتمے کیلئے مؤثر اقدامات جاری رکھنے کا اعلان

0

کوئٹہ: بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال کے تناظر میں آڑنجی میں پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور قبائلی شخصیت میر شفیق الرحمان مینگل کے مہمان خانے پر ہونے والے دہشت گرد حملے پر وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے شدید تشویش اور مذمت کا اظہار کیا ہے۔ حملے میں ایک پولیس اہلکار اور میر شفیق الرحمان مینگل کے چار ذاتی محافظ جاں بحق ہوئے۔

وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے واقعے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہدا کے اہلخانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ امن کے قیام کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے اہلکاروں اور دیگر افراد کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ دہشت گرد عناصر بلوچستان میں امن اور استحکام کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں، تاہم ریاست ان کے عزائم کو کامیاب نہیں ہونے دے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز اور عوام کی قربانیاں قومی سطح پر اہم ہیں اور حکومت ان قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان میں امن و امان کے قیام اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے مؤثر اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائیوں کے ساتھ ساتھ صوبے میں پائیدار امن کے قیام کیلئے ریاستی ادارے اپنی ذمہ داریاں ادا کرتے رہیں گے۔

انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ دہشت گرد عناصر کو بلوچستان میں بدامنی پھیلانے اور امن کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی، جبکہ دہشت گردی کے خلاف جاری جدوجہد کو منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے کوششیں جاری رہیں گی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.