ایرانی وزیر خارجہ کا فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ٹیلی فونک رابطہ
اسلام آباد: خطے میں جاری کشیدگی اور بدلتی ہوئی سیکیورٹی صورتحال کے دوران ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا، جس میں علاقائی صورتحال اور امن و سلامتی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان گفتگو میں خطے میں بڑھتی کشیدگی، موجودہ سیکیورٹی صورتحال اور اس کے علاقائی امن و استحکام پر ممکنہ اثرات کا جائزہ لیا گیا۔
عباس عراقچی اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے موجودہ حالات کے تناظر میں خطے کے ممالک کے درمیان مسلسل رابطے اور باہمی تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔ دونوں جانب سے پائیدار امن اور سلامتی کے قیام کیلئے مشترکہ کوششوں اور دستیاب صلاحیتوں سے استفادہ کرنے کی اہمیت پر بھی اتفاق کیا گیا۔
یہ رابطہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات تعطل کا شکار ہیں جبکہ خطے میں مختلف محاذوں پر کشیدگی برقرار ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ نے اس دوران سعودی عرب کے وزیر خارجہ فیصل بن فرحان سے بھی رابطہ کیا، جس میں خطے کی صورتحال اور موجودہ حالات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دوسری جانب چین نے بھی امریکا اور ایران پر زور دیا ہے کہ وہ کشیدگی میں مزید اضافے سے گریز کرتے ہوئے مذاکرات اور سفارت کاری کا راستہ اختیار کریں۔ بیجنگ میں عباس عراقچی سے ملاقات کے دوران چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے علاقائی امن و استحکام کیلئے سفارتی کوششوں کی حمایت کا اعادہ کیا۔
ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ تہران خطے میں امن و استحکام کیلئے پڑوسی ممالک کے ساتھ رابطے اور مذاکرات جاری رکھنے کا خواہاں ہے۔