ایران جنگ خاتمے کے قریب ہے، ٹرمپ
واشنگٹن: ایران اور امریکا کے درمیان جاری جنگ اور بڑھتی علاقائی کشیدگی کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران معاہدہ کرنا چاہتا ہے اور انہیں امید ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان جاری جنگ اب اختتام کے قریب پہنچ رہی ہے۔
شمالی کیرولائنا میں گفتگو کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران نے براہِ راست امریکا سے رابطہ کیا ہے اور معاہدے کا خواہش مند ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب دیکھنا ہوگا کہ آنے والے دنوں میں معاملات کس سمت جاتے ہیں۔
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ انہیں امید ہے کہ جنگ کے خاتمے کا وقت قریب آرہا ہے، تاہم انہوں نے کسی ممکنہ معاہدے کی شرائط یا مذاکرات کے بارے میں مزید تفصیلات بیان نہیں کیں۔
امریکی صدر گزشتہ کئی ماہ سے ایران کے ساتھ مذاکرات اور کسی سمجھوتے کی خواہش کا اظہار کرتے رہے ہیں، تاہم دونوں ممالک کے درمیان جاری فوجی کشیدگی کے باعث مستقل معاہدہ تاحال سامنے نہیں آیا۔
دوسری جانب خطے میں جاری کشیدگی کے باعث آبنائے ہرمز اور دیگر اہم بحری راستوں میں تجارتی سرگرمیاں متاثر ہوئی ہیں، جبکہ تیل کی ترسیل اور عالمی توانائی منڈی بھی دباؤ کا شکار ہے۔
ٹرمپ کے تازہ بیان کے بعد ایران اور امریکا کے درمیان ممکنہ سفارتی پیش رفت پر توجہ مزید بڑھ گئی ہے، تاہم فی الحال جنگ کے باقاعدہ خاتمے یا کسی حتمی معاہدے کا اعلان نہیں کیا گیا۔