تازہ ترین

پاکستان کے درجنوں ممالک سے ویزا فری معاہدے`30 سے 90 دن تک قیام کی سہولت

0

اسلام آباد: پاکستان نے مختلف ممالک کے ساتھ سفارتی اور سرکاری پاسپورٹ رکھنے والے افراد کے لیے ویزا استثنیٰ کے متعدد معاہدے کر رکھے ہیں، جن کے تحت مخصوص شرائط کے مطابق 30 سے 90 دن تک ویزے کے بغیر داخلے کی سہولت دستیاب ہے۔ تاہم یہ سہولت عام پاکستانی پاسپورٹ رکھنے والے تمام شہریوں کے لیے یکساں طور پر لاگو نہیں ہوتی۔

پاکستان کی متعلقہ حکومتی فہرست کے مطابق سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین، مصر، ایران، ملائیشیا، نیپال، روس، تھائی لینڈ، ترکیہ، آذربائیجان، انڈونیشیا اور دیگر ممالک کے ساتھ مختلف نوعیت کے ویزا استثنیٰ کے معاہدے موجود ہیں۔ ان معاہدوں میں بعض ممالک کے لیے سفارتی، بعض کے لیے آفیشل یا سروس پاسپورٹ کی شرائط مقرر ہیں۔

حکومتی ریکارڈ کے مطابق بعض معاہدوں میں ویزے کے بغیر قیام کی مدت ایک ماہ جبکہ بعض میں تین ماہ تک مقرر ہے۔ مثال کے طور پر ترکیہ، ایران، روس، متحدہ عرب امارات اور کئی دیگر ممالک کے حوالے سے تین ماہ تک کی مخصوص سہولت درج ہے، جبکہ آذربائیجان، بنگلہ دیش، انڈونیشیا، ملائیشیا اور تھائی لینڈ سمیت بعض ممالک کے لیے ایک ماہ کی مدت مقرر ہے۔

دوسری جانب پاکستان کے پاسپورٹ کی 2026 کی عالمی درجہ بندی میں تنزلی ہوئی ہے۔ Passport Reports کے مطابق پاکستانی پاسپورٹ 183ویں نمبر پر ہے اور اس کا Mobility Score 42 ہے۔ اس اسکور میں ویزا فری، ویزا آن ارائیول اور الیکٹرانک ٹریول اتھارائزیشن کے ذریعے دستیاب مجموعی سفری سہولتیں شامل کی جاتی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق عام پاکستانی پاسپورٹ رکھنے والوں کے لیے 9 مقامات ویزا فری، 29 مقامات پر ویزا آن ارائیول اور 4 مقامات پر eTA کی سہولت موجود ہے، جبکہ 156 مقامات کے لیے سفر سے قبل ویزا درکار ہے۔ اس لیے 42 کا موبلٹی اسکور 42 ممالک میں مکمل ویزا فری سفر کے مترادف نہیں ہے۔

2026 کی درجہ بندی میں پاکستانی پاسپورٹ 183ویں نمبر پر آیا، جبکہ یہ 2023 میں 180ویں، 2024 میں 175ویں اور 2025 میں 174ویں نمبر پر تھا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.