تازہ ترین

ٹرمپ نے ایران سے مذاکرات کی بحالی کے لیے پاکستان سے مدد مانگ لی

0

اسلام آباد: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے معاملے پر پاکستان سے سفارتی کردار ادا کرنے کی درخواست کرتے ہوئے گزشتہ ہفتے فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا تھا۔

رپورٹ کے مطابق امریکی صدر کی جانب سے کی گئی اس گفتگو میں واشنگٹن نے پاکستان سے اپنا اثر و رسوخ استعمال کرتے ہوئے ایران کو دوبارہ مذاکرات کی میز پر آنے کے لیے آمادہ کرنے میں مدد طلب کی۔

پاکستانی ذرائع کے مطابق ٹیلیفونک رابطہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے شروع کیا گیا تھا۔ تاہم دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی گفتگو کی مکمل تفصیلات سامنے نہیں آسکیں اور یہ بھی واضح نہیں کہ ایران کے علاوہ کن دیگر امور پر تبادلہ خیال ہوا۔

یہ رابطہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کے ایران کے دورے سے قبل ہوا۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر پیر کو تہران پہنچے، جہاں انہوں نے اعلیٰ ایرانی حکام سے ملاقاتیں کیں۔

تہران پہنچنے کے فوری بعد فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان کے وزیر داخلہ محسن نقوی بھی شریک تھے۔ ملاقات کے دوران علاقائی صورتحال اور خطے میں امن و استحکام سے متعلق امور پر بات چیت ہوئی۔

پاکستان کے عسکری میڈیا ونگ آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر کا دورہ خطے میں امن اور استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کا حصہ ہے۔ تاہم آئی ایس پی آر کی جانب سے ڈونلڈ ٹرمپ اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کے درمیان ہونے والی مبینہ گفتگو کی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان کی جانب سے سفارتی رابطوں اور علاقائی سطح پر امن کے لیے کوششوں کے تناظر میں اسلام آباد کا کردار اہم ہوگیا ہے۔ تاہم تاحال یہ تصدیق نہیں ہوسکی کہ ایران نے دوبارہ مذاکرات شروع کرنے پر آمادگی ظاہر کی ہے یا نہیں۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر کے دورہ ایران اور ایرانی حکام سے ملاقاتوں کو خطے میں جاری کشیدگی کے تناظر میں خصوصی اہمیت دی جارہی ہے، جبکہ پاکستان کی جانب سے علاقائی امن کے لیے سفارتی کوششوں پر بھی نظر رکھی جارہی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.