تازہ ترین

وزیرِ اعظم شہباز شریف سے سعودی سفیر نواف بن سعید کی الوداعی ملاقات

0

اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف سے پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید نے الوداعی ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے دیرینہ برادرانہ تعلقات اور انہیں مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ وزیراعظم نے سعودی سفیر کی سفارتی ذمہ داریاں کامیابی سے مکمل کرنے پر انہیں مبارک باد دی اور پاک سعودی تعلقات کے فروغ و استحکام کے لیے ان کی خدمات کو سراہا۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ انہوں نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے سعودی عرب کے مثبت اور اہم کردار کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔

سعودی سفیر نواف بن سعید نے اپنی سفارتی ذمہ داریوں کے دوران حکومت پاکستان اور وزیراعظم کی جانب سے ملنے والے تعاون اور گرمجوشی پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ان کا قیام ایک خوشگوار اور یادگار تجربہ رہا اور یہاں انہیں بھرپور تعاون حاصل ہوا۔

نواف بن سعید نے پاک سعودی عرب تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اپنے ذاتی عزم کا بھی اعادہ کیا۔ ملاقات میں اس امید کا اظہار کیا گیا کہ دونوں برادر ممالک کے درمیان موجود قریبی تعلقات مستقبل میں بھی مزید مستحکم ہوں گے اور مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کا سلسلہ جاری رہے گا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.