لاہور میں مسلم لیگ (ن) کی قیادت کے درمیان اہم مشاورت ہوئی، جہاں وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے جاتی عمرہ میں پارٹی قائد نواز شریف سے ملاقات کی۔ ملاقات میں ملک کو درپیش سیاسی و معاشی صورتحال، حکومتی معاملات اور آئندہ کی حکمت عملی سمیت مختلف اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے نواز شریف کو ملکی سیاسی معاملات اور معاشی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی۔ دونوں رہنماؤں نے موجودہ صورتحال اور آئندہ کے لائحہ عمل پر بھی گفتگو کی۔
وزیراعظم نے نواز شریف کو پمز میں پیش آنے والے واقعے سے متعلق بھی آگاہ کیا۔ شہباز شریف نے سانحہ پمز کے بعد حکومت کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات اور کارروائیوں سے متعلق تفصیلات بھی مسلم لیگ (ن) کے قائد کے سامنے رکھیں۔
دوسری جانب نومنتخب وزیراعظم آزاد کشمیر سید افتخار گیلانی بھی جاتی عمرہ پہنچ گئے ہیں۔ ان کی مسلم لیگ (ن) کی قیادت سے اہم ملاقات متوقع ہے، جس میں آزاد کشمیر کی سیاسی صورتحال اور حکومت سازی کے معاملات زیر بحث آنے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق آزاد کشمیر میں حکومت سازی اور آئندہ کے سیاسی معاملات بھی ملاقاتوں کے دوران زیر غور آسکتے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کی قیادت ان معاملات پر مشاورت کے بعد آئندہ کی سیاسی حکمت عملی طے کرسکتی ہے۔
جاتی عمرہ میں ہونے والی اہم ملاقاتوں کے باعث سیاسی حلقوں میں بھی خاصی دلچسپی پائی جارہی ہے، جبکہ آئندہ دنوں میں مسلم لیگ (ن) کی جانب سے سیاسی معاملات پر اہم فیصلے سامنے آنے کا امکان ہے۔