ملک میں 21 لاکھ اسمارٹ میٹرز کی تنصیب مکمل
اسلام آباد: پاکستان میں بجلی کے نظام کو جدید بنانے کا عمل تیز ہوگیا، مختلف تقسیم کار کمپنیوں کے علاقوں میں اب تک 21 لاکھ 25 ہزار 296 اسمارٹ میٹرز نصب کیے جاچکے ہیں، جبکہ لیسکو تنصیب کے اعتبار سے سب سے آگے ہے۔
وزارت توانائی نے اس حوالے سے سینیٹ میں تحریری جواب جمع کرایا، جس میں ملک کی مختلف بجلی تقسیم کار کمپنیوں میں نصب کیے گئے اسمارٹ میٹرز کی تفصیلات پیش کی گئی ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) کے علاقوں میں سب سے زیادہ 11 لاکھ 53 ہزار 556 اسمارٹ میٹرز نصب کیے گئے ہیں۔
گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی (گیپکو) میں 3 لاکھ 48 ہزار 135 جبکہ ملتان الیکٹرک پاور کمپنی (میپکو) کے علاقوں میں 2 لاکھ 29 ہزار 719 اسمارٹ میٹرز نصب کیے جاچکے ہیں۔
اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) میں 1 لاکھ 19 ہزار 372، فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو) میں 1 لاکھ 11 ہزار 948 اور پشاور الیکٹرک پاور کمپنی (پیسکو) میں 60 ہزار 685 اسمارٹ میٹرز لگائے گئے ہیں۔
کے الیکٹرک کے علاقے میں 50 ہزار 599، حیدرآباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (حیسکو) میں 19 ہزار 620 جبکہ سکھر الیکٹرک پاور کمپنی (سیپکو) میں 13 ہزار 432 اسمارٹ میٹرز نصب کیے گئے ہیں۔
کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی (کیسکو) میں 9 ہزار 194، ہزارہ الیکٹرک پاور کمپنی (ہزیکو) میں 7 ہزار 659 جبکہ ٹرائبل ایریاز الیکٹرک سپلائی کمپنی (ٹیسکو) میں 1 ہزار 377 اسمارٹ میٹرز نصب کیے گئے ہیں۔
وزارت توانائی کے مطابق جدید میٹرنگ نظام سے بجلی کے استعمال کی نگرانی بہتر بنانے، میٹر ریڈنگ کے نظام کو مؤثر کرنے اور بجلی کے استعمال سے متعلق درست معلومات حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔
اسمارٹ میٹرز کے ذریعے بجلی کے استعمال کا ڈیٹا زیادہ مؤثر انداز میں حاصل کیا جاسکے گا، جس سے بجلی کی تقسیم اور نگرانی کے نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے ساتھ تقسیم کار کمپنیوں کی کارکردگی بہتر بنانے میں بھی مدد ملے گی۔
وزارت توانائی کے مطابق مختلف بجلی تقسیم کار اداروں میں اسمارٹ میٹرز کی تنصیب کا عمل جاری ہے اور ملک بھر میں اب تک 21 لاکھ سے زائد جدید میٹرز صارفین کے لیے نصب کیے جاچکے ہیں۔