تازہ ترین

امریکی پابندیوں کی دھمکی پر چین کا سخت جواب، ایران سے تعاون جاری رکھنے کا اعلان

0

بیجنگ- ایران کے ساتھ تعاون پر امریکی دباؤ اور ممکنہ پابندیوں کی دھمکیوں کے معاملے پر چین نے واضح کردیا ہے کہ وہ اپنے جائز مفادات کے تحفظ سے پیچھے نہیں ہٹے گا، بیجنگ نے دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو بین الاقوامی قوانین کے دائرے میں قرار دیتے ہوئے تمام فریقوں پر کشیدگی کم کرنے اور بات چیت کا راستہ اختیار کرنے پر زور دیا ہے۔

چینی وزارت خارجہ کے ترجمان لن جیان نے کہا ہے کہ بیجنگ مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال اور اس سے متعلق ہونے والی پیش رفت پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔ چین صورتحال کا مسلسل جائزہ لے رہا ہے اور اپنے جائز مفادات کے تحفظ کے لیے ضرورت کے مطابق اقدامات کرے گا۔

لن جیان نے کہا کہ موجودہ صورتحال انتہائی حساس ہے، اس لیے تمام متعلقہ فریقوں کو تحمل، ذمہ داری اور دانش مندی کا مظاہرہ کرنا چاہیے تاکہ کشیدگی کو مزید بڑھنے سے روکا جاسکے۔

چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے واضح کیا کہ چین اور ایران کے درمیان تعاون بین الاقوامی قوانین کے دائرے میں ہے۔ بیجنگ نے اس حوالے سے امریکی دباؤ اور ممکنہ پابندیوں کی دھمکیوں پر اپنے تحفظات بھی ظاہر کیے ہیں۔

چین اس سے قبل بھی ایران کے خلاف امریکی پابندیوں اور یکطرفہ دباؤ کی پالیسی پر اعتراض کرچکا ہے۔ بیجنگ کا مؤقف ہے کہ یکطرفہ پابندیاں اور دباؤ کسی مسئلے کے حل میں مددگار ثابت نہیں ہوتے بلکہ صورتحال کو مزید پیچیدہ کرسکتے ہیں۔

لن جیان نے کہا کہ موجودہ حالات میں تمام متعلقہ فریقوں کو کشیدگی کم کرنے کیلئے عملی اقدامات کرنے چاہئیں اور اختلافات کو طاقت یا دباؤ کے بجائے بات چیت اور سفارتی ذرائع سے حل کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔

چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ چین خطے میں ہونے والی پیش رفت پر مسلسل نظر رکھے گا اور اپنی پالیسی اور جائز مفادات کے مطابق ضروری اقدامات کرتا رہے گا۔

بیجنگ نے اس موقع پر ایک بار پھر بات چیت، کشیدگی میں کمی اور سیاسی و سفارتی ذرائع سے تنازعات کے حل کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ خطے کے استحکام کیلئے تمام فریقوں کو ذمہ دارانہ کردار ادا کرنا ہوگا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.