مصر اور ترکیہ کا دفاعی تعاون بڑھانے پر اتفاق
سرائیوو: مصر اور ترکیہ نے دفاعی صنعت کے مختلف شعبوں میں باہمی تعاون بڑھانے پر اتفاق کرتے ہوئے مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کردیئے، جس کا مقصد دونوں ممالک کی دفاعی کمپنیوں کے درمیان صنعتی شراکت داری، تکنیکی تجربات اور ٹیکنالوجی کے تبادلے کو فروغ دینا ہے۔
یہ معاہدہ 2 ستمبر 2026 کو بوسنیا و ہرزیگوینا کے دارالحکومت سرائیوو میں جاری دفاعی صنعت کی نمائش اور سربراہی اجلاس 2026 کے موقع پر طے پایا۔
مصر کی جانب سے وزارتِ جنگی پیداوار سے وابستہ دو اداروں نے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے، جبکہ ترکیہ کی جانب سے مکینیکل اینڈ کیمیکل انڈسٹری کارپوریشن نے معاہدے پر دستخط کیے۔
مفاہمتی یادداشت کے تحت دونوں ممالک کی دفاعی کمپنیوں کے درمیان صنعتی تعاون کے نئے امکانات تلاش کیے جائیں گے، جبکہ دفاعی پیداوار کے شعبے میں دستیاب تکنیکی مہارت اور تجربات سے بھی استفادہ کیا جائے گا۔
مصری وزارت کے مطابق مصر اور ترکیہ اپنی دستیاب پیداواری صلاحیتوں اور تکنیکی مہارتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے باہمی تعاون کے نئے راستے تلاش کریں گے۔
اس تعاون کے ذریعے دفاعی صنعت سے وابستہ اداروں کے درمیان روابط مضبوط بنانے، تکنیکی تجربات کے تبادلے اور مختلف صنعتی شعبوں میں مشترکہ مواقع پیدا کرنے پر توجہ دی جائے گی۔
مصر اور ترکیہ کے درمیان دفاعی صنعت میں ہونے والی یہ پیش رفت دونوں ممالک کے درمیان تیزی سے بڑھتے دفاعی اور عسکری تعلقات کی عکاسی کرتی ہے۔ دونوں ممالک دفاعی پیداوار میں اپنے تجربات اور صنعتی صلاحیتوں کو ایک دوسرے کے قریب لانے کیلئے تعاون کو مزید وسعت دے رہے ہیں۔