تازہ ترین

ڈپٹی کمشنر کیچ کی زیرِ صدارت ستمبر پولیو مہم کی تیاریوں پر اہم اجلاس

0

ڈپٹی کمشنر کیچ یاسر اقبال دشتی کی زیرِ صدارت ستمبر 2026 کی ایس این آئی ڈی پولیو مہم کے انتظامات، تیاریوں اور مؤثر عملدرآمد کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع کیچ میں پولیو سے بچاؤ کی مہم کو کامیاب بنانے کے لیے مختلف محکموں کے باہمی تعاون اور مربوط حکمتِ عملی پر تفصیلی غور کیا گیا۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیو آفیسر ڈیلبو ایچ او ڈاکٹر ارسلان درازئی نے اجلاس کو آنے والے پولیو مہم کے حوالے سے بریفنگ دی.اجلاس میں ڈی ایچ او کیچ ڈاکٹر عبدالرؤف بلوچ، ڈسٹرکٹ پولیو آفیسر ڈبلیو ایچ او ڈاکٹر ارسلان درازئی, ایم ایس ٹیچنگ ہسپتال تربت ڈاکٹر وحید بلیدئی، ڈی ایس ایم پی پی ایچ آئی ڈاکٹر مرتضیٰ بلوچ، چیف آفیسر تربت شعیب ناصر، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر تربت امتیاز سخی، انجمن تاجران کے حاجی کریم بخش، ڈی ایس پی دانش بلوچ سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں پولیو مہم کے دوران پانچ سال سے کم عمر تمام بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے، ٹیموں کی مؤثر نگرانی، سکیورٹی انتظامات، مائیکرو پلان پر عملدرآمد اور رہ جانے والے بچوں تک رسائی سمیت مختلف امور کا جائزہ لیا گیا۔ڈپٹی کمشنر یاسر اقبال دشتی نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں اور فیلڈ ٹیموں کی مؤثر نگرانی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پولیو کا خاتمہ قومی ذمہ داری ہے اور اس مقصد کے لیے تمام متعلقہ اداروں ، والدین، علماء کرام، تاجر برادری اور سول سوسائٹی کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔انہوں نے ہدایت کی کہ مہم کے دوران کسی بھی علاقے میں کوئی بچہ پولیو کے قطرے پینے سے محروم نہ رہے اور ٹیمیں گھر گھر جا کر بچوں کو حفاظتی قطرے پلانے کے ساتھ ساتھ والدین میں پولیو سے بچاؤ کے حوالے سے شعور بھی اجاگر کریں ۔اجلاس میں شریک افسران نے پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے لیے محکمہ صحت، ضلعی انتظامیہ، پولیس، ڈبلیو ایچ او، پی پی ایچ آئی، میونسپل انتظامیہ، سوشل ویلفیئر، تاجر برادری اور دیگر متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری کو یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ڈپٹی کمشنر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ضلع کیچ میں پولیو کے مکمل خاتمے اور ہر بچے کو محفوظ بنانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.