تازہ ترین

جھوٹی ایف آئی آر:میر رضا قتل کیس کی تحقیقاتی ٹیم کے رکن انسپکٹر غلام نبی آفریدی کے خلاف مقدمہ درج

0

کراچی: شہری کے خلاف مبینہ طور پر جھوٹی ایف آئی آر درج کرنے کے الزام میں میر رضا قتل کیس کی تحقیقاتی ٹیم کے رکن انسپکٹر غلام نبی آفریدی سمیت پولیس افسران اور دیگر افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔

پولیس کے مطابق مقدمہ سرکار کی مدعیت میں تھانہ شاہ لطیف ٹاؤن میں درج کیا گیا ہے، جس میں شاہ لطیف تھانے کے دو سابق ایس ایچ اوز، ایس آئی او اور تفتیشی افسر سمیت دیگر افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔

ایف آئی آر کے مطابق نامزد پولیس افسران نے ڈیفنس میں ایک صنعت کار کے گھر پر کارروائی کی تھی۔ الزام ہے کہ مبینہ ملی بھگت سے ایک شہری کو پلاٹ کی فائل اور سونا چوری کرنے کے مقدمے میں پھنسایا گیا۔

پولیس کے مطابق نصر الرحمان نامی شخص نے ذاتی رنجش کی بنیاد پر مبینہ طور پر پولیس افسران کی معاونت سے شہری کے خلاف مقدمہ درج کروایا۔ تفتیشی افسر افتخار تنولی پر بھی موقع کے معائنے سے متعلق مبینہ طور پر جعلی رپورٹ تیار کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

ایف آئی آر میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ شہری کو مقدمے میں ملوث ظاہر کرنے کے لیے مبینہ طور پر فرضی موقع معائنہ تیار کیا گیا، جبکہ مقدمے کو مضبوط بنانے کے لیے جعلی دستاویزات اور مبینہ جھوٹے گواہ بھی تیار کیے گئے۔

مقدمے کے مطابق شہری کے بینک اکاؤنٹ میں مبینہ طور پر ایک لاکھ روپے منتقل کیے گئے اور اس رقم کو بعد میں شہری کے خلاف بطور ثبوت استعمال کرنے کی کوشش کی گئی۔

پولیس تفتیش میں مبینہ جعل سازی، ریکارڈ میں ردوبدل اور مقدمہ تیار کرنے کے طریقہ کار سے متعلق دیگر شواہد سامنے آنے کا دعویٰ بھی کیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق واقعے میں مبینہ طور پر ملوث جھوٹی ایف آئی آر درج کروانے والے مدعی سمیت چار افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے، جبکہ مقدمے میں نامزد پولیس افسران کے کردار سے متعلق مزید تفتیش جاری ہے۔

واضح رہے کہ مقدمے میں نامزد انسپکٹر غلام نبی آفریدی میر رضا قتل کیس کی تحقیقاتی ٹیم کے رکن بھی ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.