جعفر مندوخیل کی عبدالعلیم خان سے ملاقات، بلوچستان کے شاہراہ منصوبوں پر اہم فیصلے
اسلام آباد میں گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل اور وفاقی وزیر برائے مواصلات عبدالعلیم خان کے درمیان اہم ملاقات ہوئی، جس میں بلوچستان کے مختلف شاہراہ منصوبوں پر پیش رفت اور ان کی تکمیل ہنگامی بنیادوں پر یقینی بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ ملاقات میں چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی اور وفاقی سیکرٹری مواصلات بھی موجود تھے۔
ملاقات کے دوران وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کوئٹہ، ژوب اور ڈیرہ اسماعیل خان قومی شاہراہ کے ڈوئل کیریج وے منصوبے کو انتہائی تیز رفتاری سے مکمل کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے اس پیش رفت کو صوبے کی ترقی اور قومی معیشت کے لیے اہم اور قابلِ تحسین اقدام قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس اہم شاہراہ کی تکمیل سے بلوچستان کے عوام کو ملک کے دیگر صوبوں کی بڑی تجارتی منڈیوں تک تیز، محفوظ اور آسان رسائی حاصل ہوگی جبکہ مسافروں کو جدید سفری سہولیات بھی میسر آئیں گی۔
گورنر مندوخیل کا کہنا تھا کہ قومی شاہراہوں کا جدید نیٹ ورک صرف فاصلے کم نہیں کرتا بلکہ تجارت، روزگار اور سرمایہ کاری کے نئے راستے بھی کھولتا ہے۔
انہوں نے ژوب بائی پاس کی جلد تکمیل کے لیے فوری طور پر فنڈز کا بندوبست کرنے پر وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور اسے بلوچستان بھر کے عوام کے لیے خوش آئند قرار دیا۔
گورنر بلوچستان نے کہا کہ کوئٹہ، ژوب اور ڈیرہ اسماعیل خان ڈوئل کیریج وے کی ہنگامی بنیادوں پر تکمیل اور ژوب بائی پاس کے لیے فوری فنڈز کا انتظام اس بات کا مظہر ہے کہ وفاقی سطح پر بلوچستان کی بنیادی ڈھانچے کی ضروریات کو اہمیت دی جا رہی ہے۔
انہوں نے وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان اور ان کی پوری ٹیم کی ذاتی دلچسپی اور عملی اقدامات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مضبوط مواصلاتی رابطے ہی بلوچستان کو قومی معیشت، خطے کی تجارت اور سینٹرل و جنوبی ایشیا کی بڑی منڈیوں سے مؤثر طور پر جوڑنے کی بنیاد بن سکتے ہیں۔
گورنر مندوخیل نے امید ظاہر کی کہ ان منصوبوں کی بروقت تکمیل سے بلوچستان میں معاشی سرگرمیوں کو نئی رفتار ملے گی، تجارت کے حجم میں اضافہ ہوگا اور صوبے کے عوام کے لیے ترقی و خوشحالی کے نئے امکانات پیدا ہوں گے۔