تازہ ترین

دانش یونیورسٹی عالمی معیار کی تعلیم کا مرکز بنے گی: شہباز شریف

0

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے دانش یونیورسٹی کی ترقی اور تعمیر کے حوالے سے متعلقہ حکام کو جامع منصوبہ آئندہ دو ہفتوں میں پیش کرنے کی ہدایت کردی، جس میں یونیورسٹی کی تعمیر کا تفصیلی شیڈول بھی شامل ہوگا۔

اسلام آباد میں دانش یونیورسٹی کے منصوبے سے متعلق اعلیٰ سطح کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے ہدایت کی کہ یونیورسٹی کے تعلیمی اور انتظامی نظام کو روایتی اداروں سے منفرد انداز میں تشکیل دیا جائے اور اس میں معیار، جدت اور بہترین کارکردگی کو بنیادی ترجیح دی جائے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ دانش یونیورسٹی کا مقصد کم وسائل رکھنے والے باصلاحیت طلبہ کو عالمی معیار کی تعلیم فراہم کرنا اور ملک کے ذہین نوجوانوں کے لیے ترقی کے نئے مواقع پیدا کرنا ہے۔

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ یونیورسٹی کے لیے ایک مؤثر آگاہی اور رسائی پروگرام تشکیل دیا جائے تاکہ معاشی طور پر کمزور اور متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے بچوں کو یونیورسٹی کی سہولیات اور تعلیمی پروگرامز سے آگاہی حاصل ہو اور وہ ان سے بھرپور استفادہ کرسکیں۔

اجلاس میں حکام نے وزیراعظم کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ یونیورسٹی میں اعلیٰ تعلیمی معیار برقرار رکھنے کے لیے دنیا کی معروف جامعات سے ممتاز اور تجربہ کار اساتذہ کی خدمات حاصل کرنے کا منصوبہ ہے۔

حکام نے مزید بتایا کہ دانش یونیورسٹی کا کیمپس جدید ترین ڈیزائن اصولوں کے تحت عالمی معیار کے مطابق تعمیر کیا جائے گا، جبکہ منصوبے کی تعمیر کے لیے بولیوں کا عمل بھی جلد شروع ہونے کی توقع ہے۔

وزیراعظم نے منصوبے کو مقررہ اہداف کے مطابق آگے بڑھانے اور تعمیراتی و انتظامی امور میں اعلیٰ معیار کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.