ٹرمپ ایران جنگ ختم کرنے پر غور کر رہے ہیں، امریکی میڈیا کا بڑا انکشاف
واشنگٹن-ایران کے ساتھ جاری جنگ کے معاملے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے آئندہ لائحہ عمل سے متعلق نئی قیاس آرائیاں سامنے آئی ہیں، جہاں امریکی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ ٹرمپ جنگ کے خاتمے کا باضابطہ اعلان کرنے کے آپشن پر غور کر رہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ ایران پر دباؤ برقرار رکھنے کے لیے عسکری کارروائی کے بجائے معاشی پابندیوں کو زیادہ مؤثر ذریعہ سمجھ رہے ہیں، تاہم دوسری جانب امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ نے مشرق وسطیٰ میں امریکی فوجی تعیناتی کی مدت بڑھا دی ہے۔ اس اقدام کا مقصد کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے امریکی فوجی صلاحیت کو برقرار رکھنا قرار دیا گیا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ امریکا میں ہونے والے مڈٹرم انتخابات کے تناظر میں ڈیموکریٹس کی ممکنہ پیش قدمی نے ٹرمپ انتظامیہ پر سیاسی دباؤ بڑھا دیا ہے۔ جنگ کے حوالے سے عوامی سطح پر بڑھتا ہوا منفی رجحان بھی انتظامیہ کے لیے ایک اہم سیاسی چیلنج بنتا جا رہا ہے۔
سیاسی دباؤ کے باوجود خطے میں امریکی جنگی طیاروں، بحری وسائل اور دفاعی نظام کی موجودگی برقرار ہے، جبکہ طویل سفری مراحل اور مسلسل جنگی تعیناتی کے باعث امریکی فوجیوں کو بھی شدید دباؤ کا سامنا ہے۔