تازہ ترین

عمران خان کے خلاف بارہ کہو مقدمے کا جیل ٹرائل شروع ہونے کا عندیہ

0

اسلام آباد: بانی پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف بارہ کہو تھانے میں درج دہشت گردی کے مقدمے میں جیل ٹرائل کی راہ ہموار ہونے کے امکانات پیدا ہوگئے ہیں۔ انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد کے جج طاہر عباس سپرا نے سماعت کے دوران جیل ٹرائل شروع ہونے کا عندیہ دیا، تاہم وزارت قانون کی جانب سے عدالت کے خط کا جواب نہ ملنے اور عمران خان کی عدم دستیابی کے باعث کیس کی کارروائی آگے نہ بڑھ سکی۔

انسداد دہشت گردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے عمران خان کے خلاف دہشت گردی کی دفعات کے تحت درج مقدمے کی سماعت کی۔ دورانِ سماعت جج نے ریمارکس دیے کہ بانی پی ٹی آئی کا ایک مقدمے میں جیل ٹرائل شروع ہونے والا ہے، ممکن ہے کہ زیر سماعت یہ مقدمہ بھی اسی طریقہ کار کے تحت چلایا جائے۔

جج طاہر عباس سپرا نے بتایا کہ جیل ٹرائل کے حوالے سے عدالت کی جانب سے وزارت قانون کو خط لکھا گیا تھا، تاہم تاحال اس خط کا کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔

اس موقع پر پی ٹی آئی کے وکیل مرتضیٰ طوری نے عدالت سے استفسار کیا کہ آیا وزارت قانون نے عدالت کے خط کا جواب دے دیا ہے۔ جج نے اس سوال کا براہِ راست جواب دینے کے بجائے مسکراتے ہوئے اگلے مقدمے کی سماعت کے لیے آواز لگوا دی۔

عدالت میں سماعت کے دوران عمران خان کی عدم دستیابی بھی زیر بحث آئی، جس کے باعث مقدمے میں مزید کارروائی آگے نہ بڑھ سکی اور عدالت نے کیس کی سماعت 29 اکتوبر تک ملتوی کردی۔

خیال رہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف تھانہ بارہ کہو میں دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج ہے، جس کی کارروائی انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد میں جاری ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.