تازہ ترین

اسرائیلی فورسز کے چھاپے،متعدد فلسطینی گرفتار

0

مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فورسز نے مختلف علاقوں میں چھاپہ مار کارروائیاں کرتے ہوئے 21 فلسطینیوں کو گرفتار کرلیا، جن میں ایک صحافی بھی شامل ہے۔ کارروائیوں کے دوران متعدد گھروں کی تلاشی لی گئی جبکہ بعض مقامات پر توڑ پھوڑ بھی کی گئی۔

جمعرات کی صبح کی جانے والی کارروائیوں میں بیت لحم سے 7، نابلس سے 9، سلفیت سے 4 جبکہ الخلیل سے ایک فلسطینی صحافی کو حراست میں لیا گیا۔ بیت لحم کے الدوحہ، دھیشیہ پناہ گزین کیمپ اور الفوغرہ کے اطراف مختلف گھروں پر چھاپے مارے گئے، جہاں سے چار فلسطینیوں کو گرفتار کیا گیا۔ بیت فجر میں بھی ایک گھر کی تلاشی کے دوران توڑ پھوڑ کی گئی اور ایک شخص کو اس کے دو بیٹوں سمیت حراست میں لے لیا گیا۔

نابلس کے مختلف علاقوں میں بھی اسرائیلی فورسز نے کارروائیاں کیں۔ اسیرہ القبلیہ، عسکر پناہ گزین کیمپ، عوارتا، بازاریہ اور نابلس شہر کے مختلف مقامات سے متعدد فلسطینیوں کو گرفتار کیا گیا۔ سیبسٹیا کے علاقے میں کارروائی کے دوران ایک فلسطینی قیدی کی والدہ اور بہن کو بھی کچھ دیر کے لیے حراست میں لے کر فیلڈ میں پوچھ گچھ کی گئی، تاہم بعد میں دونوں کو رہا کردیا گیا۔

سلفیت کے علاقے قراوت بنی حسن میں بھی گھروں پر چھاپے مارے گئے، جہاں سے چار فلسطینیوں کو گرفتار کیا گیا جبکہ ایک زیرحراست شخص کی گاڑی بھی تحویل میں لے لی گئی۔ دوسری جانب الخلیل کے مغرب میں واقع ادنہ قصبے میں کارروائی کے دوران ایک فلسطینی صحافی کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔

مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فورسز کی چھاپہ مار کارروائیوں اور فلسطینیوں کی گرفتاریوں کا سلسلہ مختلف علاقوں میں بدستور جاری ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.