تازہ ترین

عمران خان کے حامی خوف و بے چینی پھیلا کر بحران پیدا کرنا چاہتے ہیں، خواجہ آصف

0

وزیر دفاع خواجہ آصف نے عمران خان کے حامیوں پر سیاسی بے چینی اور بحران کو ہوا دینے کی کوشش کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کی واپسی کے لیے حکومت کی تبدیلی کی امیدیں اب دم توڑ چکی ہیں۔

خواجہ آصف نے ایک نجی ٹیلی ویژن پروگرام سے متعلق صحافی نصرت جاوید کی پوسٹ شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ٹیسٹ میچ کے دوران عمران خان کے بیٹوں کو اسکائی اسپورٹس پر 18 منٹ کا انٹرویو ملنا محض اتفاق محسوس نہیں ہوتا۔ انہوں نے اس حوالے سے ’صہیونیوں‘ پر اپنے منصوبے کو بچانے کی کوشش کا الزام بھی عائد کیا۔

ایک اور پوسٹ میں وزیر دفاع نے عمران خان کے سیاسی ماضی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پرویز مشرف کے دور میں مسلم لیگ ن کے کارکنوں کو جیلوں میں بھیجا جارہا تھا، جبکہ عمران خان مشرف سے قومی اسمبلی کی 100 نشستیں مانگ رہے تھے اور انہیں ایک نشست ’تسلی کے انعام‘ کے طور پر ملی۔

عمران خان کی صحت سے متعلق خواجہ آصف نے ان کی بہن اور ڈاکٹروں کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے عمران خان کا بلڈ پریشر چیک کیا جو معمول کے مطابق تھا اور انہیں ’بالکل فٹ‘ قرار دیا۔

خواجہ آصف نے الزام عائد کیا کہ عمران خان کے بیرون ملک حامی خوف اور بے چینی کی فضا پیدا کرکے احتجاج اور سیاسی بحران کو ہوا دینا چاہتے ہیں۔

انہوں نے سی این این کی صحافی بیکی اینڈرسن کی ایک پوسٹ بھی شیئر کی، جس میں پاکستانی حکومت کے مؤقف کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا تھا کہ عمران خان کی قید عدالتی فیصلوں کے نتیجے میں ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.