ربیع الاول ہمیں سیرت النبی ﷺ پر عمل کا درس دیتا ہے: صادق عمرانی
کوئٹہ: بلوچستان کے سینئر صوبائی وزیر میر محمد صادق عمرانی نے 12 ربیع الاول کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ نبی کریم حضرت محمد ﷺ کی حیات طیبہ پوری انسانیت کے لیے رہنمائی کا ذریعہ ہے اور اس مبارک دن کا اصل پیغام سیرت النبی ﷺ کو عملی زندگی کا حصہ بنانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 12 ربیع الاول ہمیں اپنی زندگیوں کو نبی کریم ﷺ کی سیرت اور تعلیمات کے مطابق ڈھالنے کا درس دیتا ہے۔ ہمیں حقوق اللہ کے ساتھ حقوق العباد کی پاسداری بھی یقینی بنانی چاہیے۔
صادق عمرانی نے کہا کہ نبی کریم ﷺ کی ذات مبارکہ دنیا کے لیے سراپا رحمت تھی، اس لیے معاشرے میں امن، سلامتی، بھائی چارے اور رواداری کے فروغ کے لیے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ اس بابرکت دن اور پورے مبارک مہینے میں کثرت سے درود و سلام بھیجنا حضور ﷺ سے محبت و عقیدت کا عملی اظہار ہے، جبکہ یہ موقع اپنے اعمال اور اخلاق کا جائزہ لینے اور اسلامی تعلیمات کے مطابق اصلاح کا بھی تقاضا کرتا ہے۔