تازہ ترین

جنوبی وزیرستان اور باجوڑ میں دھماکے، 3 بچوں سمیت 10 افراد زخمی

0

پشاور- جنوبی وزیرستان اپر کے مکین بازار میں موٹر سائیکل میں نصب آئی ای ڈی کے دھماکے نے بازار کو ہلا کر رکھ دیا، جس کے نتیجے میں امن کمیٹی کا ایک رکن جاں بحق جبکہ 8 افراد زخمی ہوگئے، زخمیوں میں امن کمیٹی کے تین ارکان بھی شامل ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق جنوبی وزیرستان اپر کے مکین بازار میں جمعہ کے روز تقریباً 10:45 بجے موٹر سائیکل میں نصب آئی ای ڈی دھماکے سے پھٹ گئی۔

دھماکے کے نتیجے میں امن کمیٹی کا رکن عنایت اللہ جاں بحق ہوگیا جبکہ 8 افراد زخمی ہوئے۔ زخمیوں میں امن کمیٹی کے تین ارکان بھی شامل ہیں۔

پولیس کے مطابق دھماکے سے مکین بازار میں متعدد دکانوں اور وہاں موجود سامان کو بھی نقصان پہنچا۔ دھماکے کے فوراً بعد پولیس اور متعلقہ اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔

زخمیوں کو طبی امداد کے لیے رزمک ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں انہیں ضروری طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

واقعے کے بعد پولیس اور متعلقہ اداروں نے تحقیقات شروع کردی ہیں۔ حکام کی جانب سے دھماکے کی نوعیت، اس کے محرکات اور واقعے میں ملوث عناصر کا تعین کرنے کے لیے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کی جارہی ہیں۔

دوسری جانب باجوڑ میں بھی دھماکے کا واقعہ پیش آیا ہے۔ تحصیل واڑہ ماموند کے علاقے ڈمہ ڈولہ خوڑ میں بم دھماکے کے نتیجے میں دو بچے زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق زخمی بچوں میں ابوذر ولد ضیاء الرحمن اور جراح ولد سراج الدین شامل ہیں۔ دونوں زخمی بچوں کو طبی امداد کے لیے ڈی ایچ کیو اسپتال خار منتقل کردیا گیا ہے۔

باجوڑ دھماکے کے بعد پولیس نے بھی تحقیقات شروع کردی ہیں اور واقعے سے متعلق شواہد اکٹھے کیے جارہے ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.