تازہ ترین

بحیرہ احمر میں تجارتی جہاز پر حوثی حملہ، 3 پاکستانی جاں بحق، ایک زخمی: اسحاق ڈار

0

اسلام آباد: بحیرہ احمر میں ایک غیر جنگی تجارتی جہاز پر حوثیوں کے مبینہ حملے کے نتیجے میں 3 پاکستانی شہری جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہوگیا، جس پر پاکستان نے شدید تشویش اور مذمت کا اظہار کیا ہے۔

وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے بتایا کہ حملے میں 3 پاکستانی شہری جان کی بازی ہار گئے جبکہ ایک پاکستانی شہری زخمی ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان متاثرہ خاندانوں کے ساتھ مکمل ہمدردی رکھتا ہے اور جاں بحق افراد کی میتیں وطن واپس لانے کے لیے متعلقہ حکام سے رابطے تیز کردیئے گئے ہیں۔

اسحاق ڈار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ بحیرہ احمر میں تجارتی جہاز پر حملے کے افسوسناک واقعے کی اطلاع ملنے پر انہیں گہری تشویش ہوئی۔ دستیاب معلومات کے مطابق حملے میں پاکستانی شہری بھی متاثر ہوئے ہیں۔

وزیر خارجہ نے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک غیر جنگی تجارتی جہاز پر حوثی حملے کی شدید مذمت کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس نوعیت کے حملے نہ صرف بے گناہ انسانی جانوں کو شدید خطرے میں ڈالتے ہیں بلکہ بین الاقوامی قوانین اور بحری سلامتی کے اصولوں کے حوالے سے بھی سنگین خدشات پیدا کرتے ہیں۔

پاکستانی حکام کی جانب سے زخمی پاکستانی شہری کو ہر ممکن معاونت فراہم کرنے کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں، جبکہ جاں بحق افراد کی میتیں وطن واپس لانے کے لیے متعلقہ اداروں کے ساتھ رابطہ کاری جاری ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.