تازہ ترین

بجلی چوری کا الزام، پی ٹی آئی رہنما نعیم حیدر پنجوتھہ کے خلاف مقدمہ درج

0

سرگودھا: بجلی چوری کے خلاف کارروائی کے دوران پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور وکیل نعیم حیدر پنجوتھہ کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ فیسکو حکام کی رپورٹ میں بجلی کے میٹر میں مبینہ چھیڑچھاڑ اور غیر قانونی طریقے سے بجلی استعمال کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

ایف آئی آر کے مطابق مقدمہ تھانہ بھیرہ میں ایس ڈی او فیسکو محمد عاطف ضیاء کی مدعیت میں درج کیا گیا، جس میں بجلی چوری سے متعلق دفعہ 462-I شامل کی گئی ہے۔

مقدمے کے متن کے مطابق فیسکو ٹاسک فورس نے 10 ستمبر کو ڈھل کے علاقے میں صارف نعیم حیدر پنجوتھہ کے بجلی میٹر کا معائنہ کیا۔ معائنے کے دوران میٹر کو مشکوک قرار دے کر اتار لیا گیا اور مزید جانچ کے لیے فیسکو لیبارٹری سرگودھا بھجوا دیا گیا۔

ایف آئی آر کے مطابق ایکسین ایم اینڈ ٹی سرگودھا کی رپورٹ میں میٹر کے ساتھ مبینہ چھیڑچھاڑ، دونوں اطراف کی سیل ٹوٹنے اور میٹر کی باڈی کھلی ہونے کی نشاندہی کی گئی۔

فیسکو رپورٹ میں مزید الزام عائد کیا گیا ہے کہ میٹر میں اضافی تار کے ذریعے تھمبل کو مبینہ طور پر شنٹ کیا گیا، جس کے نتیجے میں بجلی کی چوری کی جارہی تھی۔

فیسکو حکام کی رپورٹ کی بنیاد پر نعیم حیدر پنجوتھہ کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جبکہ واقعے کی مزید تفتیش اور قانونی کارروائی جاری ہے۔

واضح رہے کہ مقدمے میں عائد الزامات فی الحال الزامات ہی ہیں اور ان کا حتمی تعین عدالتی و قانونی کارروائی کے بعد ہوگا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.