تازہ ترین

اسحاق ڈار کا پاکستان کو جی 20 میں شامل کرنے کا ہدف مقرر

0

پاکستان کی معیشت کو عالمی سطح پر مزید مضبوط بنانے کے لیے حکومت نے بڑے اہداف مقرر کرلیے ہیں، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے پاکستان کو دنیا کی 24ویں بڑی معیشت بنانے اور جی 20 میں شامل کرنے کا عزم ظاہر کردیا۔

لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ حکومت پاکستان کی معیشت کو مزید مستحکم کرنے اور ترقی کی رفتار بڑھانے پر توجہ دے رہی ہے، جبکہ برطانیہ کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو بھی نئی بلندیوں تک لے جانے کی کوششیں جاری ہیں۔

نائب وزیراعظم نے اپنے حالیہ دورہ برطانیہ کو انتہائی مثبت اور کامیاب قرار دیتے ہوئے کہا کہ برطانوی حکام کے ساتھ ملاقاتوں میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون مزید مضبوط بنانے پر بات چیت ہوئی۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان 2017 میں تیزی سے معاشی ترقی کر رہا تھا، تاہم بعد میں ملک کی معاشی پیش رفت متاثر ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر یہ تعطل نہ آتا تو پاکستان دنیا کی بڑی معیشتوں میں شامل ہوسکتا تھا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ڈیفالٹ کے خطرے سے نکل چکا ہے اور زرمبادلہ کے ذخائر میں بھی بہتری آئی ہے۔ معاشی سرگرمیاں بحال ہوئی ہیں اور استحکام واپس آیا ہے، اب حکومت کی توجہ مزید معاشی ترقی پر مرکوز ہے۔

نائب وزیراعظم کے مطابق مہنگائی کی شرح 30 فیصد سے کم ہو کر سنگل ڈیجٹ میں آگئی ہے، جبکہ پالیسی ریٹ بھی 22 فیصد سے کم ہو کر 11.5 فیصد پر آگیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ معاشی استحکام کے بعد اب حکومت اقتصادی ترقی کی رفتار بڑھانے پر توجہ دے رہی ہے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ مضبوط معاشی نمو سے فی کس آمدنی اور عوام کا معیار زندگی بہتر ہوگا۔ حکومت کا مقصد پاکستان کے معاشی اشاریوں کو 2017 کی سطح پر واپس لانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وسیع تر معاشی اہداف میں پاکستان کو دنیا کی 24ویں بڑی معیشت بنانا اور جی 20 میں شامل ہونا بھی شامل ہے۔

نائب وزیراعظم نے پاکستان کی عالمی سطح پر سفارتی سرگرمیوں کو بھی اجاگر کیا اور کہا کہ ملک دنیا بھر میں اپنی سفارتی ذمہ داریاں فعال انداز میں ادا کر رہا ہے۔ ان کے مطابق پاکستان کی سفارتی کوششوں کو عالمی سطح پر سراہا بھی جارہا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.