تازہ ترین

بلوچستان میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع، انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ ایکسپو 18 نومبر سے شروع ہوگی

0

کوئٹہ: بلوچستان میں سرمایہ کاری اور تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے 18 اور 19 نومبر کو منعقد ہونے والی بلوچستان انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ ایکسپو 2026 کو اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ اس کے ذریعے صوبے میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع متعارف کرانے اور معاشی ترقی کے لیے نئی راہیں تلاش کی جائیں گی۔

بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ نے ایکسپو کی تیاریوں اور انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی صوبے کو ملکی اور بین الاقوامی سرمایہ کاری کا مرکز بنانے کے لیے پرعزم ہیں اور سرمایہ کاری بورڈ اس وژن کو عملی جامہ پہنانے کے لیے اقدامات کر رہا ہے۔

اجلاس میں چیف ایگزیکٹو آفیسر عبدالمنان اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ شرکاء نے ایکسپو کے انتظامی اور تشہیری امور، مختلف شعبوں کی شرکت اور کاروباری اداروں و سرمایہ کاروں کی دلچسپی بڑھانے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔

بلال خان کاکڑ نے کہا کہ یہ ایکسپو محض ایک نمائش نہیں بلکہ بلوچستان کے کاروباری اور صنعتی امکانات کو قومی و بین الاقوامی سطح پر متعارف کرانے کا اہم پلیٹ فارم ثابت ہوگی۔ اس کے ذریعے سرمایہ کاروں، صنعتکاروں، تاجروں، کاروباری شخصیات، سرکاری اداروں اور تجارتی تنظیموں کو ایک جگہ جمع ہونے کا موقع ملے گا، جہاں وہ باہمی روابط اور کاروباری شراکت داری کے نئے امکانات تلاش کرسکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ صوبے کی معاشی ترقی کے لیے نجی شعبے کی حوصلہ افزائی اور مقامی کاروباری طبقے کو قومی و بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی فراہم کرنا ضروری ہے۔ ایکسپو میں بلوچستان کی تیار کردہ مصنوعات، مقامی کاروباری صلاحیتوں اور سرمایہ کاری کے قابل منصوبوں کو نمایاں کیا جائے گا، جس سے کاروباری سرگرمیوں کے فروغ اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے میں مدد ملے گی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.