کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے بلوچستان ریونیو اتھارٹی کو مضبوط، فعال اور پیشہ ورانہ بنیادوں پر استوار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ محصولات کے حصول کے لیے روایتی طریقہ کار کے بجائے جدید انتظامی اور تکنیکی مہارتوں سے استفادہ کیا جائے۔
اس حوالے سے وزیراعلیٰ کی زیر صدارت چیف منسٹر سیکرٹریٹ میں اجلاس منعقد ہوا، جس میں بلوچستان ریونیو اتھارٹی کی استعداد کار بڑھانے، سالانہ محصولات کے اہداف حاصل کرنے اور ادارے کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے کے لیے اصلاحاتی اقدامات اور قابل عمل حکمت عملی کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ادارے کی مجموعی کارکردگی، محصولات کی وصولی کی صورتحال اور انتظامی و ادارہ جاتی اصلاحات پر تفصیلی غور کیا گیا۔ سیکرٹری خزانہ جہانگیر خان اور چیئرمین بلوچستان ریونیو اتھارٹی عبداللہ خان نے سالانہ مالی اہداف، محصولات میں اضافے کے امکانات اور مجوزہ اصلاحاتی اقدامات پر بریفنگ دی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بلوچستان ریونیو اتھارٹی میں ڈیپوٹیشن پر تعینات افسران کی خدمات ان کے متعلقہ محکموں کو واپس کی جائیں گی۔ ادارے کی پیشہ ورانہ استعداد اور کارکردگی بہتر بنانے کے لیے مارکیٹ اور متعلقہ شعبوں کے ماہرین کی خدمات بھی حاصل کی جائیں گی تاکہ محصولات کی وصولی کے لیے جدید تقاضوں کے مطابق مؤثر حکمت عملی وضع کی جاسکے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے کے مالی وسائل میں اضافے اور محصولات کے مقررہ اہداف کے حصول کے لیے ادارے کی استعداد کار بہتر بنانا ناگزیر ہے۔ انہوں نے اصلاحاتی اقدامات پر مؤثر انداز میں عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔
اجلاس میں صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء لانگو، چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، سیکرٹری خزانہ جہانگیر خان، چیئرمین بلوچستان ریونیو اتھارٹی عبداللہ خان اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔