کوئٹہ میں ٹریفک ویک کی تقریبات، محفوظ سفر کے لیے عوامی شعور اجاگر کرنے کا عزم
کوئٹہ: شہر میں ٹریفک قوانین کی پابندی اور محفوظ سفر سے متعلق عوامی شعور اجاگر کرنے کے لیے ٹریفک ویک کے سلسلے میں آگاہی ریلی اور کیک کاٹنے کی تقریب منعقد کی گئی۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے احکامات اور ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی کی ہدایات پر منعقدہ ریلی کی قیادت اسسٹنٹ کمشنر صدر محمد یوسف ہاشمی، ایس پی صدر کوئٹہ اور ٹریفک پولیس کے افسران نے کی۔
ریلی کے شرکاء نے ٹریفک قوانین کی پابندی، ہیلمٹ اور سیٹ بیلٹ کے استعمال، مقررہ رفتار برقرار رکھنے اور دورانِ ڈرائیونگ احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اہمیت اجاگر کی۔
اس موقع پر افسران نے کہا کہ ٹریفک حادثات کی روک تھام، سڑکوں پر روانی برقرار رکھنے اور شہریوں کے تحفظ کے لیے عوام میں قوانین سے متعلق شعور پیدا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس مقصد کے لیے ضلعی انتظامیہ اور پولیس مشترکہ طور پر اپنا کردار ادا کر رہی ہیں۔
تقریب کے اختتام پر ٹریفک ویک کی مناسبت سے کیک کاٹا گیا۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہریوں کو ٹریفک قوانین کی پابندی کی ترغیب دینے، حادثات کی روک تھام اور محفوظ سفری ماحول کی فراہمی کے لیے آگاہی مہم اور عملی اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔