تازہ ترین

خضدار میں اغوا کا واقعہ، مظاہرین کا مغوی کی فوری بازیابی کا مطالبہ

0

خضدار میں معروف تاجر اور قبائلی رہنما میر بہاول خان غلامانی کے اغوا کے واقعے کے خلاف اہل خانہ اور مقامی افراد نے احتجاج کرتے ہوئے زیرو پوائنٹ کے مقام پر قومی شاہراہ بند کردی، جس کے باعث سڑک کے دونوں اطراف گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔

اطلاعات کے مطابق نامعلوم مسلح افراد غلامانی چوک پر واقع دکان سے میر بہاول خان غلامانی کو اغوا کرکے نامعلوم مقام پر لے گئے۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس نے رپورٹ درج کرکے تحقیقات شروع کردیں۔

مغوی کی بازیابی اور اغوا میں ملوث افراد کی گرفتاری کے مطالبے پر ان کے اہل خانہ، مقامی رہائشیوں اور دیگر افراد نے خضدار زیرو پوائنٹ پر دھرنا دیا اور قومی شاہراہ کو ٹریفک کے لیے بند کردیا۔

شاہراہ کی بندش کے باعث مسافروں اور ٹرانسپورٹرز کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور مظاہرین سے مذاکرات کیے۔

پولیس کی جانب سے مغوی کی بازیابی کے لیے ہرممکن کوششوں کی یقین دہانی کے بعد مظاہرین نے احتجاج ختم کردیا، جس کے نتیجے میں قومی شاہراہ کو دوبارہ ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.