انسداد پولیو مہم میں غفلت برداشت نہیں کی جائے گی، ڈپٹی کمشنر کوئٹہ
کوئٹہ: ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی نے انسداد پولیو مہم کے دوران ناقص کارکردگی دکھانے والی ٹیموں کو فوری تبدیل کرنے اور غفلت کے مرتکب اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائی کی ہدایت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ بچوں کو پولیو سے محفوظ رکھنے کی مہم میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر مہراللہ بادینی کی زیر صدارت جاری انسداد پولیو مہم کے دوسرے روز کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس منعقد ہوا، جس میں محکمہ صحت، ضلعی محکمہ صحت، نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر، ضلعی پولیو ٹیموں، مانیٹرنگ اسٹاف، پولیس اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران کوئٹہ کی تمام یونین کونسلز میں بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کی مجموعی کوریج، مقررہ اہداف کے حصول اور فیلڈ ٹیموں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر نے بعض ٹیموں کی غیر تسلی بخش کارکردگی اور مقررہ اہداف کے حصول میں غفلت پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ناقص کارکردگی دکھانے والی ٹیموں کو فوری طور پر تبدیل کیا جائے جبکہ ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے۔
مہراللہ بادینی نے تمام متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ انسداد پولیو مہم کے مقررہ اہداف بروقت مکمل کیے جائیں اور فیلڈ ٹیموں کی کارکردگی کو مؤثر بنایا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ مہم میں غفلت یا کوتاہی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔