کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ضلع کچھی اور خاران میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں کے دوران 17 دہشت گردوں کی ہلاکت پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان میں امن و استحکام کے خلاف سرگرم عناصر کے عزائم کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنانا سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، بہادری، مستعدی اور مؤثر حکمتِ عملی کا واضح ثبوت ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فورسز کی قربانیاں اور کامیابیاں پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔
میر سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں بدامنی پھیلانے اور عوام کے امن و سکون کو نقصان پہنچانے کی ہر کوشش ناکام بنائی جائے گی۔ انہوں نے دہشت گردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کرنے والے سپاہی حکمت اللہ کو بھی خراجِ عقیدت پیش کیا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ سپاہی حکمت اللہ نے وطنِ عزیز کے دفاع میں اپنی جان قربان کرکے فرض شناسی، جرأت اور حب الوطنی کی اعلیٰ مثال قائم کی، قوم ان کی قربانی کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔
انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کے بہادر افسران اور جوان قوم کا سرمایہ افتخار ہیں، جو اپنی جانوں کی پروا کیے بغیر ملک کے دفاع اور عوام کے تحفظ کے لیے خدمات انجام دے رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے عزم ظاہر کیا کہ ان کے بقول بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد عناصر کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی اور صوبے میں امن و استحکام کے خلاف کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کسی ایک ادارے کی نہیں بلکہ پوری قوم کی مشترکہ جدوجہد ہے اور عوام اس جنگ میں اپنی سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہداء کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا جبکہ بلوچستان میں پائیدار امن، عوام کے جان و مال کے تحفظ اور ریاست کی عملداری یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔