اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان تحریک انصاف کو قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹیوں میں دوبارہ فعال کردار ادا کرنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ اپوزیشن کو پارلیمان میں اپنی موجود طاقت کو مؤثر انداز میں استعمال کرنا چاہیے۔
قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اگر پی ٹی آئی فنانس کمیٹی میں شرکت نہیں کرے گی تو اس سے پارلیمان کمزور ہوگی۔ ان کے مطابق اپوزیشن کو انتخابی اصلاحات کے عمل میں بھی حصہ لینا چاہیے تاکہ دھاندلی سے متعلق شکایات اور دیگر مسائل کے حل کے لیے مؤثر فیصلے کیے جا سکیں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ پارلیمان کو غیر فعال رکھنے کے خواہش مندوں کے مقاصد پورے ہو چکے ہیں، اس لیے اب تمام سیاسی جماعتوں کو مل کر ایوان کو مضبوط بنانے کے لیے کام کرنا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ پارلیمان مضبوط ہوگی تو تمام سیاسی جماعتیں بھی مضبوط ہوں گی۔ انہوں نے زور دیا کہ سیاسی اختلافات اپنی جگہ، تاہم پارلیمانی عمل میں حصہ لینا اور جمہوری اداروں کو فعال رکھنا تمام جماعتوں کی ذمہ داری ہے۔