کومل عزیز خان کا شوبز چھوڑنے کا باضابطہ اعلان
پاکستانی اداکارہ کومل عزیز خان نے شوبز انڈسٹری سے مستقل طور پر کنارہ کشی اختیار کرنے کا باضابطہ اعلان کرتے ہوئے اپنی زندگی کے نئے سفر اور ترجیحات سے متعلق اہم تفصیلات شیئر کردی ہیں۔ اداکارہ کے مطابق انہوں نے اداکاری سے دوری کا فیصلہ ذاتی ترقی، کاروباری سرگرمیوں اور مالی خودمختاری پر توجہ مرکوز کرنے کے لیے کیا۔
کومل عزیز خان نے انسٹاگرام پر جاری اپنے پیغام میں بتایا کہ وہ زندگی میں ایک مختلف راستہ اختیار کرنا چاہتی تھیں، جس میں اپنا کاروبار قائم کرنا، معاشی طور پر خودمختار بننا اور اپنی شخصیت کو بہتر بنانے پر کام کرنا شامل ہے۔ انہوں نے خود سے محبت اور اپنی ذات کو سمجھنے کے سفر کو بھی اپنی نئی ترجیحات کا اہم حصہ قرار دیا۔
اداکارہ کے مطابق وہ تقریباً پانچ سال قبل ہی اداکاری چھوڑ چکی تھیں، تاہم انہوں نے اس فیصلے کا باضابطہ اعلان کرنے میں تاخیر کی۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ میڈیا کی غیر ضروری توجہ سے دور رہتے ہوئے اپنی زندگی کے اس باب کو مکمل طور پر بند کرنا چاہتی تھیں تاکہ نئی ذمہ داریوں اور مقاصد پر یکسوئی کے ساتھ توجہ دے سکیں۔
کومل عزیز خان آخری مرتبہ 2021 میں ڈرامہ سیریل ’مہلت‘ میں نظر آئی تھیں۔ اس کے بعد سے وہ اداکاری کے میدان سے دور رہیں اور اپنی زندگی کے دوسرے پہلوؤں پر توجہ مرکوز کیے رکھی۔ اب ان کے باضابطہ اعلان کے بعد ان کے شوبز کیریئر کے اختتام کی تصدیق ہوگئی ہے۔
اداکارہ نے اپنے فنی سفر کے دوران مداحوں کی جانب سے ملنے والی محبت اور حمایت پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ ابھی تک ان کی شادی نہیں ہوئی اور اپنے فالوورز سے درخواست کی کہ وہ ان کے کاروبار، مستقبل اور زندگی میں نصیب و برکت کے لیے دعا کریں۔