تازہ ترین

پاکستان اور سعودی عرب کا دفاعی تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ

0

پاکستان اور سعودی عرب نے دفاعی تعاون اور اسٹریٹجک روابط مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں سعودی عرب کے نئے سفیر ڈاکٹر راجح طامی البقمی نے راولپنڈی میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ملاقات جنرل ہیڈکوارٹرز راولپنڈی میں ہوئی، جس کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سکیورٹی کی صورتحال اور دونوں ممالک کے عسکری تعلقات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

ملاقات میں ’مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے‘ کے فریم ورک کے تحت ہونے والی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے دفاعی تعاون، ادارہ جاتی روابط اور اسٹریٹجک ہم آہنگی کو مزید مضبوط اور مؤثر بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے سعودی سفیر کو پاکستان میں نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

ملاقات کے دوران آرمی چیف نے پاکستان اور سعودی عرب کے دیرینہ اور تاریخی برادرانہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں ممالک کے تعلقات مشترکہ عقیدے، باہمی اعتماد، تاریخ اور مضبوط اسٹریٹجک شراکت داری پر مبنی ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.